کوئٹہ میں دہشتگردی کا بہت بڑا منصوبہ ناکام،5 دہشتگرد جہنم واصل

کوئٹہ:دہشتگردی کا بہت بڑا منصوبہ ناکام، دہشتگرد جشن آزادی سے ایک روز قبل شہر بھر میں بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد دہشتگرد جہنم واصل کر دئیے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی کے قریب نیو مری کیمپ کے علاقے میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 5 مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

کوئٹہ سے ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کی جانب سے خفیہ اطلاع پر علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گرد جشن آزادی سے ایک روز قبل شہر کے اہم مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جس کی اطلاع ملنے پر سرچ آپریشن کیا گیا۔

سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے کمپاؤنڈ کو گھیرے میں لے لیا اور دہشت گردوں سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا لیکن کمپاؤنڈ میں چھپے مسلح افراد نے ہتھیار ڈالنے کے بجائے سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔

علاقے میں ایک گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 5 مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔سینئر سی ٹی ڈی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ‘فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔

سیکورٹی اداروں کی طرف کہا گیا ہے کہ 3 مسلح ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ان کا کہنا تھا کہ کمپاؤنڈ سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا جس میں 2 سب مشین گنز، 3 پستول، متعدد دستی بم شامل ہیں جبکہ 2 موٹر سائیکلیں، نقشے اور دستاویزات بھی برآمد کی گئیں۔

دوسری طرف یہ بھی اطلاعات ہیں کہ دہشت گردوں کی لاشیں سول ہسپتال منتقل کی گئیں جہاں ان میں سے 2 کی شناخت جمیل احمد اور محمد خان کے نام سے کی گئی جبکہ دیگر 3 کی شناخت تاحال نہیں کی جاسکی۔ دیگر مشتبہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں

Comments are closed.