بجلی کمپنیوں کی نجکاری کا عمل نہ رکا تو اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے، واپڈا پیغام یونین کا اعلان

0
58

واپڈا پیغام یونین نے بجلی کمپنیوں کی نجکاری کیخلاف بڑی احتجاجی ریلی نکالی جس میںسینکڑوں ملازمین نے شرکت کی اور زبردست نعرے بازی کی گئی۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چوبرجی چوک سے لیسکو ہیڈ کوارٹر تک نکالی گئی ریلی کی قیادت واپڈا پیغام یونین کے مرکزی صدر ایس ڈی ثاقب نے کی۔ ریلی کے دوران واپڈا پیغام یونین نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ اگرنجکاری کے اس عمل کو نہ روکا گیا تو اسلام آباد کی طرف مارچ کی کال دی جائے گی اور ڈی چوک میں دھرنا دیا جائے گا۔احتجاجی ریلی کے شرکاءنے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر بجلی کمپنیوں کی نجکاری کے خلاف تحریریں درج تھیں۔ احتجاجی ریلی سے واپڈا پیغام یونین کے صدر ایس ڈی ثاقب کی طرح احسان احمد چوہدری، توقیر اسلام، ملک یوسف، عمران گجر، حبیب بھٹی، محمد یعقوب، ساجد نواز ، میاں طارق و دیگرنے بھی خطاب کیا۔

ایس ڈی ثاقب نے اپنے خطاب میں کہا کہ لیسکو کے فرسٹ ، سیکنڈ، تھرڈ، ففتھ سرکلز کی ریکوری سب سے بہتر ہے لائن لاسز کم ترین سطح پر ہیں اور صارفین کو بہتر سروس فراہم کررہے ہیں۔ اس طرح آئیسکو اور گدو پاور ہاﺅس جو کہ 1400میگا واٹ بجلی پیدا کررہا ہے اور پاکستان کا سب سے بہتر پاور ہاﺅس ہے اگر ان کی نجکاری کردی جائے گی تو صارفین اور عوام پر مہنگی بجلی کا بوبھ مزید بڑھتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے حکومت میں آنے سے پہلے یہ اعلان کیا تھا کہ قومی اداروں کی نجکاری کسی بھی طرح قومی مفاد میں نہیں ہم ان سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ قومی اداروں خصوصاً لیسکو ، آئیسکواور گدو پاور ہاﺅس کی نجکاری کا عمل فوری طورپر منسوخ کیا جائے۔ ملک میں پہلے ہی بے روز گاری اور مہنگائی کا طوفان ہے۔ اگر قومی اداروں کوآئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے ایجنڈے کے مطابق فروخت کردیا گیا تو عوام اور مزدور حکومت کیخلاف اٹھ کھڑے ہونگے ۔ ایس ڈی ثاقب نے کہا کہ اب تک برسراقتدار یونین نے نجکاری کو رکوانے کے کسی بھی اقدام میںرکاوٹ پیدا نہیں کی بلکہ جب سے موجودہ یونین برسراقتدار ہے اسی کے دور میں کوٹ ادو پار ہاﺅس کو فروخت کیا گیا اور نجکاری کا معاہدہ کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا سے بجلی کمپنیوں کو الگ کر دیا گیا ان کے بورڈ آف ڈائریکٹر بنا دیئے گئے ان کو خود مختار کردیا گیا لیکن برسراقتدار یونین نے کسی بھی اقدام کی مخالفت نہیں کی بلکہ سابقہ حکومت اور برسراقتدار یونین کی ملی بھگت سے نجکاری کے تمام مرحلے طے ہوئے لیکن واپڈاپیغام یہ اعلان کرتی ہے کہ اگرنجکاری کے اس عمل کو نہ روکا گیا تو اسلام آباد کی طرف مارچ کی کال دی جائے گی اور ڈی چوک میں دھرنا دیا جائے گا۔ احتجاجی ریلی کے شرکاءسے احسان احمد چوہدری، توقیر اسلام، ملک یوسف، عمران گجر، حبیب بھٹی، محمد یعقوب، ساجد نواز ، میاں طارق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری کا عمل نہ رکا تو احتجاج کا دائرہ پورے ملک میں بڑھا دیا جائے گا۔ اگرمرکزی صدر واپڈا پیغام یونین نے اسلام آباد جانے کی کال دی تو ہم ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

Leave a reply