بالی ووڈ کے مقبول ترین مزاحیہ اداکار جونی لیور پاکستانی ہر دلعزیز اور فنکار جوڑی صاحبہ اور اداکار افضل خان المعروف ریمبو کے مداح نکلے-
باغی ٹی وی :تفصیلات کے مطابق جونی لیور نے پاکستانی اداکارہ صاحبہ کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے صاحبہ کی تعریف کی صاحبہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جونی لیور کے پیغام کی ویڈیو پوسٹ کی اور بالی ووڈ ادا کار کو اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
ویڈیو میں جونی لیور نے صاحبہ اور اداکار افضل خان المعروف ریمبو کی ٹیلی فلم ’بکرا ایک قصائی دو‘ کی تعریف کی اور دونوں کے کام کو سراہا۔
جونی لیور نے اپنے پیغام میں کہا کہ صاحبہ بھابھی ہم نے آپ کی ٹیلی فلم دیکھی جو انتہائی شاندار تھی، فیملی اس سے بھرپور محظوظ ہوئی، آپ کا کام بہت اچھا تھا، ریمبو بھائی نے بھی اچھا کام کیا، سب نے اس میں بے حد اچھا کام کیا۔
بالی وڈ اداکار نے صاحبہ کے یوٹیوب چینل کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کا وہ پروگرام بھی بڑے شوق سے دیکھتے ہیں، ایسے ہی اپنا کام جاری رکھیں۔ ویڈیو کے آخر میں جونی لیور نے اداکارہ صاحبہ کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔