کراچی کے مختلف علاقوں میں سیوریج کا نظام مفلوج کرنے کیلئے نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے مٹی،بجری، پتھر اور تعمیراتی ملبہ سے بھری بوریاں سیوریج لائنوں میں پھنسائے جانے کے واقعات بڑھنے لگے ہیں
سرجانی ٹاؤن کی سیوریج لائنوں میں شرپسند افراد کی جانب سے پھنسائی جانے والے متعدد بوریاں واٹربورڈ کے عملے نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد مین ہولز سے نکال کر نکاسی آب کا نظام بحال کردیا ہے،لائنیں چوک ہونے اور دھنسنے کے واقعات کے سبب واٹربورڈ کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے.
دوسری جانب اس قسم کی شرپسندی کے باعث سیوریج اوور فلو سے شہری بھی دشواری کا شکار ہیں،تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن میں نکاسی آب کی لائنوں کی صفائی کے دوران مین ہولز سے مٹی اور پتھروں سے بھری متعدد بوریوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے
واٹربورڈکے عملے نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد مین ہولز اور سیوریج لائنوں سے بھاری بوریاں نکال کر نکاسی آب کا عمل بحال کردیا ہے
مذکورہ علاقہ میں سیوریج اوورفلو کی بڑھتی ہوئی شکایات سے ایک جانب شہری اذیت کا شکار تھے جبکہ دوسری جانب واٹربورڈ کو بھی بھاری اخراجات برداشت کرنے پڑرہے تھے
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی شاہ فیصل کالونی،فیڈرل بی ایریا، نانک واڑ ہ،ملیر، بن قاسم، لانڈھی سمیت مختلف علاقوں کی سیوریج لائنوں میں مٹی پتھر اور تعمیراتی ملبے سے بھرے بورے اوربھاری پتھر نکالے جاچکے ہیں جوشرپسند عناصر نے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے سیوریج لائنیں بلاک کرنے اور شہر میں سیوریج کے مسائل پیدا کرنے کے لیئے پھنسائے تھے
شرپسندوں کی اس قسم کی کارروائیوں سے واٹربورڈ کو کئی قسم کے مسائل کا سامنا ہے، شہر میں نکاسی آب کی شکایات بڑھتی جارہی ہیں جبکہ واٹربورڈکی سیوریج لائنوں اور مین ہولز کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، مین ہولز چوک ہونے اور لائنیں دھنسنے کے واقعات بھی تسلسل سے ہونے کے باعث واٹربورڈ کو شدید مالی نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے
ایم ڈی واٹربورڈ نے اس قسم کی شرپسندانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے، انہوں نے شہریوں خصوصاً منتخب و شہری نمائندوں فلاحی تنظیموں کے منتظمین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں اس قسم کی کارروائیوں پر نظر رکھیں،اگر کسی کو سیوریج لائنوں یامین ہولز میں بوریاں، بھاری پتھر،لکڑی کے تکڑے،اینٹیں،رضائی،گدے،کمبل یااس قسم کی اشیاء ڈالتے یاپھنساتے دیکھیں تو واٹربورڈ کے کمپلین سینٹرکے فون نمبر(021)99245138-39-40 پراطلاع دیں یا قریبی پولیس اسٹیشن کو مطلع کریں