ریاض: حجاج کرام کی سہولت کے لیےسعودی عرب کی حکومت حج کا سیزن آتے ہی متحرک ہو جاتی ہے- اللہ کے مہمانوں کو زیادہ سے زیادہ آسانی اور سہولیات فراہمی کا مشن لئے سعودی حکومت امسال ایک نئے پروجیکٹ پر کام کر رہی ہے- یہ منصوبہ منیٰ کے مقام پر حجاج کرام کے لیے کثیر منزلہ خیمہ بستی بسانے کا ہے- حج کے موسم میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے- کثیر منزلہ خیمے لگانے کا مقصد منیٰ میں حجاج کرام کے قیام کی زیادہ سے زیادہ گنجائش پیدا کرنا ہے-
یہ خیمے کئی جدید خصوصیات کے حامل ہیں – انہیں ایک سے دوسرے مقام پر منتقل کیا جا سکتا ہے- حسبِ ضرورت کھولا اور جوڑا جا سکتا ہے- خیموں میں خوراک کا سامان فراہم کرنے کے ساتھ ریفریجیریٹر اور خوراک کو ٹھنڈہ رکھنے کا خاطر خواہ انتظام کیا گیا ہے- دریں اثنا سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کے مشیر حاتم القاضی نے کہا کہ منیٰ میں کثیر منزلہ رہائشی خیموں اور شیلٹرز کا پہلی بار تجربہ کیا جا رہا ہے- امسال محدود پیمانے پر حجاج کرام اس سہولت سے مستفید ہوں گے تاہم تجربے کی کامیابی کی صورت میں مستقبل میں اس کا دائرہ وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین حج اس سہولت کو استعمال کر سکیں –
ادھر حج فاؤنڈیشن برائے جنوبی ایشیا کے چیئرمین بورڈ آف ڈائرکٹرڈاکٹر رافت بدر کا کہنا ہے کہ کثیر منزلہ خیمے پہلی بار مشاعر میں لگائے جائیں گے- فاؤنڈیشن مشاعر منٰی میں 20کثیر منزلہ خیمے لگانے میں سعودی حکومت کی معاونت کر رہی ہے-