کینیڈا کی تاریخ میں پہلی بار کسی مقدمہ میں دہشتگردی کے قانون کا اطلاق

0
99

کینیڈین شہر لندن اونٹاریو میں 2021 میں پاکستانی خاندان کو گاڑی تلے کچلنے کے واقعہ کے ملزم نیتھینیل ویلٹمین کو دہشتگردی کا مجرم قرار دے دیا گیا۔ ٹورنٹو سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کینیڈا کی تاریخ میں پہلی بار کسی مقدمہ میں دہشتگردی کے قانون کا اطلاق کیا گیا۔ سپیریئر کورٹ کی جسٹس رینی پومیرنس نے مجرم کا نام لینے سے گریز کیا اور کہا میں نے مجرم کا نام نہ لینے کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مجرم کی سوچ کا بھی ذکر نہیں کروں گی کہ یہ کارروائی دہشتگردی کے زمرے میں آتی ہے۔ یاد رہے کہ 23 سال کے مجرم نےجون 2021 میں سلمان افضال نامی پاکستانی شہری اور انکے خاندان پر گاڑی چڑھا دی تھی۔ واقعہ میں سلمان افضال، انکی اہلیہ مدیحہ، بیٹی یمنیٰ اور والدہ طلعت افضال جاں بحق ہوئے تھے۔مجرم کو فرسٹ ڈگری مرڈر اور کم سن کو قتل کرنے کی کوشش کا مجرم قرار دیا گیا۔ مجرم کو کسی پیرول کے بغیر عمر قید یعنی 25 سال قید کاٹنا پڑے گی۔ واضح رہےویلٹمین نے پاکستانی نژاد کینیڈین فیملی کو ان کی شناخت اور مسلمان ہونے کے باعث جان بوجھ کر اس وقت نشانہ بنایا جب وہ شام کو چہل قدمی کے لیے نکلے تھے۔قتل کیے جانے والوں میں 46 سالہ سلمان افضال، ان کی 44 سالہ اہلیہ مدیحہ سلمان، 15 سالہ بیٹی یمنٰی افضال اور سلمان افضال کی 74 سالہ والد طلعت افضال شامل تھے۔ ان افراد کو ویلٹمین نے لندن اونٹاریو میں اپنے ٹرک کی ٹکر سے ہلاک کیا تھا۔

Leave a reply