وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کا دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے احسن اقدام
وزیر اعلی حمزہ شہباز کی کینسر کے مریضوں کے لئے مفت ادویات کی فراہمی کیلئے خصوصی کاوش رنگ لے آئی، کینسر کے مریضوں کے لئے مفت ادویات کی فراہمی کا مسئلہ حل کر دیا گیا. کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی خریداری کے لئے نقد رقم ان کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی جائے گی .
میو ہسپتال اور بینک آف پنجاب کے درمیان مفت ادویات کی خریداری کے لئے رقم ٹرانسفر کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا .وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی موجودگی میں معاہدہ پر دستخط کئے گئے . بینک آف پنجاب کینسر کے رجسٹرڈ مریضوں کو امید زندگی پروگرام کے تحت رقم منتقل کرے گا
اس موقع پر وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی سے اللہ بھی راضی ہوگا اور مخلوق بھی۔کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی تسلسل کے ساتھ فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ چیف سیکرٹری، صدر بینک آف پنجاب، سیکرٹری صحت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے.
قبل ازیں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ پنجاب کی عوام کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے ذریعے مفت علاج کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہیلتھ انشورنس وزیراعظم شہبازشریف کا برین چائلڈ ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہبازشریف اور وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازعوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرناچاہتے ہیں۔ پنجاب کی عوام کو علاج کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے مزید ہسپتالوں کو تیزی سے ام پینل کیاجارہاہے،پنجاب کے خاندانوں کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے ذریعے بون میروٹرانسپلانٹیشن کی سہولت بھی دیناچاہتے ہیں،پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں رات سے صبح تک ڈاکٹرزکی حاضری اور مریضوں کو علاج کی بہترسہولت دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولت کی خاطرخودفیلڈمیں نکلناہوگا۔ پنجاب میں منتخب شدہ سرکاری و نجی ہسپتالوں میں اسٹیٹ لائف کے عملہ کو مریض کے بہترعلاج کو یقینی بناناہوگا۔عوام کی جانب سے یونیورسل ہیلتھ انشورنس سے متعلق شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیاجائے گا۔پنجاب کے منتخب شدہ مختلف ہسپتالوں کا دورہ کرکے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے ذریعے مریضوں کے علاج کو مانیٹرکیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے علماء کرام سے مساجدمیں خطبات کے ذریعے عوام میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس بارے آگاہی پیداکرنے کی اپیل کرتے ہیں۔