پاکستان کی اینیمیٹڈ فلم ‘دی ڈونکی کنگ’ کو 19 نومبر کو چین کے سینماؤں میں ریلیز کیا جائے گا۔
باغی ٹی وی : سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پاکستانی اینیمیٹڈ فلم قرار دی جانے والی ’دی ڈونکی کنگ‘ پہلے ہی اسپین، جنوبی کوریا، روس، یونان، ترکی، پیرو، کولمبیا، ایکواڈور، یوکرین، قازقستان اور تائیوان سمیت 10 سے زائد ممالک کے سینما گھروں میں ریلیز ہو چکی ہے اس فلم کو پہلے انگریزی زبان میں بھی ڈب کیا جا چکا ہے جبکہ امریکا اور برطانیہ میں ناظرین کے لیے ایمازون پرائم پر بھی ریلیز کیا جاچکا ہے تاہم اب یہ فلم چینی زبان میں ترجمے کے بعد سینماؤں میں ریلیز کی جائے گی۔
خیال رہے کہ ‘ڈونکی کنگ’ کی کہانی ‘آزاد نگر’ نامی جانوروں کی ایک سلطنت پر مبنی ہے، جس کے بادشاہ یعنی شیر ریٹائر ہوکر اپنی سلطنت کسی نئے بادشاہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں فلم کی کہانی اس وقت دلچسپ بن جاتی ہے، جب ایک گدھے کو سلطنت کے راجا کے طور پر نامزد کیا جاتا ہے۔
گدھے کو ایک چالاک لومڑی اس عہدے کے لیے تجویز کرتی ہیں، تاہم گدھا سلطنت کا نیا راجا بننے کو تیار نہیں ہوتا چالاک لومڑی کی جانب سے سمجھائے جانے کے بعد ہی گدھا راجا بننے کو تیار ہوجاتا ہے-
تالسمان اسٹوڈیو کے بینر تلے ریلیز ہونے والی‘ڈونکی کنگ’ اکتوبر 2018 میں پاکستان بھر میں ریلیز ہوئی تھی اس فلم میں جانوروں کے کرداروں پر کئی نامور اداکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے گدھے کی آواز پر جان ریمبو (افضل خان) چالاک لومڑی پر حنا دلپزیر نے آواز کا جادو جگایا ہے، جب کہ دیگر کرداروں کی آوازوں پر جاوید شیخ، فیصل قریشی اور غلام محی الدین سمیت دیگر اداکاروں نے صداکاری کی ہے۔








