چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، چین کی عسکری قیادت کی وزیراعظم کو یقین دہانی

پاکستان کے دورے پر آئے چین کے سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژو کیانگ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں اپنے چینی قیادت کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین ہر موقع بالخصوص موجودہ صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آفس میں ہونےوالی ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر منصوبہ بندی، سول اورعسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنرل ژو کیانگ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور چین کے درمیان تمام موسموں پر محیط سٹریٹجک کو آپریٹو پارٹنر شپ کو منفرد معیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین خطے اور اس سے باہر امن اور استحکام کا مرکز ہے۔ وزیراعظم نے 5 اگست کے بھارت کی غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ تین ہفتوں سے لاکھوں کشمیریوں کا لاک ڈاﺅن جاری ہے، یہاں انسانی حقوق اور انسانی صورتحال تشویشناک ہے اور بھارت کے اس اقدام سے امن اور سلامتی کو خطرہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اپنے جرائم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے جعلی فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کی جانب سے یکطرفہ اور غیر قانونی کارروائی اور حالیہ انسانی بحران پر چین کی بھرپور حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے کرفیو کو فوری طور پر اٹھایا جانا چاہیے اور انسانی حقوق کی عالمی غیر سرکاری تنظیموں کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ انسانی سانحہ کا بغور جائزہ لے سکیں.

جنرل ژو کیانگ کا کہنا تھا کہ چین ہر موقع بالخصوص موجودہ صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ جنوبی ایشیا میں امن اور معاشی استحکام کے لئے متنازع امور کا حل ضروری ہے۔ پاکستان اور چین خطے میں امن واستحکام کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ چلتے رہیں گے۔

قبل ازیں چینی سینٹرل کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل زو کلی آنگ نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی۔ نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر چینی وائس چیئرمین کا نیول چیف نے پرتپاک استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان نے یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور نیول ہیڈکورٹرز کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ملاقات کی۔

امیرالبحر سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے پاک چین دوستی کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام اور افواج کے مابین باہمی اعتماد اور رواداری کا تعلق مثالی ہے۔ نیول چیف نے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان جاری منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کثیر القومی بحری مشق امن 2019 میں چینی بحریہ اور انکی اسپیشل آپریٹنگ فورسز کی شرکت کا بھی شکریہ ادا کیا

Comments are closed.