چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نادرا ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا-
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ووٹر لسٹوں کی تیاری کے متعدد مراحل اور نادرا کی مختلف سہولیات کا دورہ کیا اس دورے کے موقع پر بلوچستان اور سندھ کے الیکشن کمیشن کے ممبران، سیکریٹری الیکشن کمیشن، ڈی جی آئی ٹی بھی شریک تھے۔
چیئرمین نادرا طارق ملک نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو “ایک شخص، ایک شناخت اور ایک ووٹ” کی بنیاد ہر الیکشن کمیشن کے تعاون سے شفاف اور غلطیوں سے پاک ووٹر لسٹوں کی تیاری، خواتین و اقلیتوں کی رجسٹریشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں چیئرمین نادرا نے خواتین رجسٹریشن کے اہداف میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر آگاہ کیا چیئرمین نادرا نے کہا کہ خواتین کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنا اور سو فیصد رجسٹریشن کے حصول کے لیئے عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2017 سے رجسٹریشن میں صنفی فرق کو 19فیصد سے گھٹا کر 10فیصد کر دیا گیا ہے پچھلے 100 دنوں میں خواتین کی رجسٹریشن کو بڑھانے کے سلسلے میں ترقیاتی و تکنیکی وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا گیا جس کی بدولت اس قلیل عرصے میں خواتین کی رجسٹریشن میں 40 فیصد مجموعی اضافہ ہوا-
چیئرمین نادرا نے بریفنگ دیتے ہوئے مزید یہ کہا کہ خواتین کی رجسٹریشن میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے اور معاشرتی اقداروں کو مد نظر رکھتے ہوئے خواتین سٹاف پر مشتمل سینٹرز کا قیام، خواتین کے لیئے مخصوص دن کا تعین اور آن لائن سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ چیئرمین نادرا نے اقلیتی برادری کی رجسٹریشن کے بارے میں بھی بریفنگ دی اور کہا کہ اقلیتیں بھی پاکستان کی پہچان ہیں اور ان کی رجسٹریشن کو بھی سہل بنایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے ووٹر لسٹوں کی تیاری کے متعدد مراحل کا جائزہ لیا اور نادرا کے مختلف سہولیات کا دؤرہ بھی کیا۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے شفاف ووٹر لسٹوں کی تیاری میں نادرا کی کارکردگی اور خواتین کی رجسٹریشن میں لئے گئے اقدامات کو سراہا. انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں نادرا کو جہاں بھی الیکشن کمیشن کی معاونت درکار ہوگی تو ہم نادرا کا بھرپور ساتھ دیں گے۔