گوادر کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ جام کمال نے کمال کام کردکھایا

0
38

گوادر:۔گوادر کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ جام کمال نے کمال کام کردکھایا،اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت گوادر میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت و حرفت محمد خان طور اتمان خیل، کمشنر ڈویژن مکران شاہ عرفان غرشین، ڈپٹی کمشنر گوادر میجر ریٹائرڈ عبدالکبیر خان،ایکسین پی ایچ ای راحیل بگٹی محکمہ روڈ اور بلڈنگ حکام سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گوادر کی جانب سے گوادر میں پینے کے پانی کی فراہمی، ادارہ ترقیات گوادر کے زیر نگرانی جاری ترقیاتی منصوبوں ، حالیہ بارشوں سے سوڈ ڈیم اور شادی کور ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ، آنکارکور میں بھی بارشوں سے ڈیم بھرنے اس ڈیم سے پشکان اور گنز جیوانی کے علاقے کو پانی فراہم کرنے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سوڈ ڈیم اور شادی کور ڈیم سے گوادر تک پانی کی پائپ لائن کی تنصیب کے بعد گوادر کو پانی کی فراہمی شروع ہوگی۔اجلاس میں گوادر اولڈ سٹی کی ٹاؤن پلاننگ، نکاسی آب، سڑکوں کی پختگی اور پانی کی فراہمی کے مختلف منصوبوں پر کام کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گوادر شہر میں نکاسی آب اور لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح میں شامل کیا جائے۔ وزیر اعلی کی جانب سے اجلاس میں گوادر اولڈ سٹی کے مسائل پر غور کرنے اور گوادر اولڈ سٹی میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ۔

وزیراعلی نے ہدایت کی کہ گوادر جنت بازار اور شاہی بازار کو جدید خطوط پر استوار کر کے حقیقی روپ میں لایا جائے اور گوادر میں تمام منصوبوں پر جلد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں ایم ڈی جیڈا عطاء اللہ نے جیڈا کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بھی بریفگ دی۔ بعد ازاں وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ بھی کیا ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر حاجی محمد خان طور اتمانخیل، کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین و دیگر حکام بھی وزیراعلی کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلی نے ہسپتال کی زیر تعمیر عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار کو تیز اور بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے گوادر دورے کے موقع پر جنت بازار کا دورہ بھی کیا۔

وزیراعلی نے اس موقع پر جنت بازار کو کشادہ کرنے کی ہدایت بھی کی وزیراعلی بازار کے دورے کے موقع پر مقامی دکانداروں میں گھل مل گئے اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے مقامی لوگوں کی ترقی و خوشحالی اولین ترجیح ہے۔حکومت گوادر کے مقامی لوگوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے جن کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر خاطر خواہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Leave a reply