لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اپنی کابینہ میں توسیع کردی، 3 مشیر اور 4 معاونین خصوصی کی تقرری کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے گئے۔وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے 3 سیاسی مشیروں کا تقرر کردیا، عمر سرفراز چیمہ وزیراعلی پنجاب کے ایڈوائزر ہوں گے، محمد ایاز خان نیازی اور نوابزادہ وسیم خان بادوزئی بھی سیاسی مشیر ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے 4 معاون خصوصی بھی مقرر کرلئے، جن میں لیہ سے ایم پی اے سید لیاقت علی گیلانی، چنیوٹ سے تیمور علی لالی، بہاولپور سے محمد افضل اور خرم منور منج شامل ہیں۔چیف سیکریٹری پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیران اور معاونین خصوصی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ادھر یہ بھی اطلاعات ہیں کہ پنجاب کابینہ کی راہ میں حائل رکاوٹ دور ہوگئی، گورنر پنجاب نے حلف کیلئے رضامندی ظاہر کردی۔ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی 21 رکنی کابینہ ہفتہ کی دوپہر 12 بجے حلف اٹھائے گی۔
ترجمان گورنر پنجاب کے مطابق گورنر بلیغ الرحمان نے صوبائی کابینہ سے حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جمہوری روایات کو برقرار رکھیں گے، اپنی آئینی اور جمہوری ذمہ داری پوری کرنی ہے۔گورنر پنجاب کی رضا مندی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی 21 رکنی کابینہ ہفتہ (6 اگست) دوپہر 12 بجے حلف اٹھائے گی۔
حلف اٹھانے والے صوبائی وزراء میں میاں اسلم اقبال، علی عباس شاہ، سردار محسن لغاری، محمد بشارت راجہ، میاں محمود الرشید، راجہ یاسر ہمایوں، عنصر مجید نیازی، منیب سلطان چیمہ، سردار شہاب الدین، ڈاکٹر مراد راس اور ڈاکٹر یاسمین راشد شامل ہیں۔
وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے جاری ناموں کے مطابق خرم شہزاد ورک، ہاشم ڈوگر، آصف نکئی، علی افضل ساہی، نوابزادہ منصور علی خان، حسین جہانیاں گردیزی، غضفر عباس چھینہ، لطیف نذر، سردار حسنین بہادر دریشک اور تیمور ملک بھی کل اپنے وزارت کا حلف اٹھائی گے۔