چیف آف دی نیول اسٹاف کا ساحلی علاقوں میں مورچوں کا دورہ

0
43

کراچی: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے مکران کے ساحل سے ملحقہ پاک بحریہ کی ساحلی تنصیبات اور یونٹس کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق نیول چیف نے اورماڑہ اور گوادر میں متعدد آپریشنل اور انتظامی منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
دورے کے دوران نیول چیف کو جاری آپریشنل سرگرمیوں ، پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس کی آپریشنل تیاریوں کو برقرا رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات اور گوادربندر گاہ/ سی پیک کی میری ٹائم سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ٹاسک فورس – 88 کی کامیابیوں پر بریفنگ دی گئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے ساحلی تنصیبات پر اگلے مورچوں کا بھی معائنہ کیا ، وہاں تعینات افسروں اور جوانوں سے بات چیت کی اورمادر وطن کے دفاع کی خاطر ان کے بلند حوصلے، عزم اورقربانی کے جذبے کو سراہا۔

نیول چیف نے مادر وطن کے دفاع کے مقدس مقصد کی تکمیل میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن کی جانب سے کسی بھی جارحیت سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ دورے کے دوران چائنااوور سیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کے چیئر مین ژانگ باوژونگ نے بھی نیول چیف سے گوادر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص سی پیک کی سیکورٹی اور گوادر بندرگاہ پر بات چیت کی گئی۔

ژانگ باوژونگ نے گیم چینجر منصوبے کے امن و تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر نیول چیف نے ملکی میری ٹائم مفادات اور میری ٹائم انفرااسٹرکچر کو درپیش خطرات سے مکمل تحفظ فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں معزز شخصیات نے علاقے اور اس سے بعید لوگوں کی خوشحالی اور معاشی ترقی سے جڑے اس اہم منصوبے کی ترقی کی رفتار جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

بعد ازاں ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گوادر اور اورماڑہ پر مختلف آپریشنل اور انتظامی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جس میں جونیرنیول اکیڈمی اورماڑہ کی تعلیمی سہولیات میں توسیع بھی شامل تھی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ سماجی و معاشی سرگرمیوں کے ذریعے تعلیم اور صحت کے شعبے میں ساحلی علاقوں کی ترقی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی.

Leave a reply