گوجرانوالہ: چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت کمشنر آفس گوجرانوالہ میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں ترقیاتی سکیموں، پرائس کنٹرول اقدامات، زیر التوا ریونیو مقدمات کا جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکریٹری نے اجلاس میں محکموں کے سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح ریاست کا بنیادی منشور اور ذمہ داری ہے۔اس منشور پر عملدرآمد سرکاری افسران کا فرض ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عام آدمی کو سرکاری دفاتر میں عزت و احترام ملے، افسران اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ کرپشن اور ناقص کارکردگی کسی صورت برداشت نہیں،افسران میرٹ اور قانون کے مطابق اپنے فرائض بلا خوف وخطر سر انجام دیں۔
چیف سیکرٹری نے ترقیاتی سکیموں میں فنڈز کےبروقت استعمال اور شفافیت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں پر پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔
ریونیو سے متعلق عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، دو سال سے زائد کوئی ریونیو مقدمہ زیر التواء نہ رہے۔
پرائس کنٹرول کے حوالے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اشیاء کی طلب، رسد اور قیمتوں کی مانیٹرنگ کی جائے۔ قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے مارکیٹ میں مقابلے کی فضا پیدا کی جائے، پھلوں، سبزیوں کی درست قیمتوں کے تعین اور منڈیوں کی مانیٹرنگ افسران کی ذمہ داری ہے۔
بڑے سٹوروں پر ڈپٹی کمشنر کاؤنٹرز کے قیام کے سلسلہ میں چیف سیکرٹری کی کمشنراور ڈپٹی کمشنرز کو شاباش. کسان پلیٹ فارم اور ریڑھی بازاروں کے قیام کو بھی سراہا۔ پرائس کنٹرول اقدامات کے تحت 52 سہولت بازار، 151 ڈی سی کاونٹرز بنائے گئے ہیں،
گوجرانوالہ ڈویژن میں گزشتہ ہفتے 3364 گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔
37 لاکھ سے زائد جرمانے، 74 مقدمات درج اور 90 افراد کو گرفتار کیا گیا، بریفنگ
ریونیو کیسوں کی جلد سماعت کو یقینی بنایا جارہا ہے، کمشنر کی بریفنگ
چیف سیکرٹری نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کو بھی سراہا.
گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی.