"میٹ دی پریس” میں کمشنر لاہور کی بطور مہمان خصوصی شرکت

0
58

لاہور پریس کلب کے پروگرام” میٹ دی پریس” میں کمشنر لاہور کیپٹن ( ر ) محمد عثمان یونس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کرونا وباء کی تیسری لہر کے خلاف بچاﺅ کے لئے حکومتی اقدامات کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ لاہور پریس کلب آمد پر صدر ارشد انصاری ، سیکرٹری زاہد چوہدری ، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر ، ممبرگورننگ باڈی ہما میر ، عمران شیخ اور سید رضوان ظفر شمسی نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔ صدر ارشدانصاری نے اس موقع پر کہاکہ کمشنرکیپٹن ( ر ) محمد عثمان یونس ایک انتہائی ذمہ دار افسر ہیں اور جب سے انھوں نے کمشنر کا عہدہ سنبھالا ہے اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کے ثمرات تمام شہریوں کو یکساں مل رہے ہیں ہم آج انھیں کلب آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں اور جب یہ ڈی سی لاہور تھے تو انھوں نے صحافی کالونی کی ترقی میں بھی بھرپور کردار ادا کیا جس کے لئے ہم ان کے مشکور ہیں۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر کیپٹن (ر ) محمد عثمان یونس نے بتایاکہ دنیا بھر میں کرونا وائرس وباءکے خاتمے کے لیے کام ہو رہا ہے،کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں میڈیا کا کردار سب سے نمایاں ہے،ماہ رمضان میں بھی کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کی مہم میں میڈیا سے اپیل ہے کہ وہ اپنابھرپور کرداراداکرتے ہوئے لوگوں کو ماسک پہننے کی ترغیب دیںاور عوام کو ماسک پہننے کا صحیح طریقہ بھی بتائیں، سماجی فاصلہ اور فیس ماسک کے استعمال پر ہر ایک کو اپنا کردارادا کرنا ہو گا۔انھوں نے مزید کہاکہ رمضان المبارک میں شہر بھر میں سستی اشیاءکی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کررہے ہیں ،عوام سے اپیل ہے کہ وہ مہنگائی کے خلاف ہماری مدد کریں۔ان کا کہناتھاکہ چینی کی سپلائی کو خود دیکھ رہا ہوں اور حکومت کی جانب سے چینی کی مقرر کردہ قیمت 85 روپے پر عملدارآمد کو یقینی بنائیں گے ۔انھوںنے مزید کہاکہ لاہور کا سب سے بڑا مسئلہ صفائی کا ہے، اس میں بہتری کے لئے تیزی سے کام جاری ہے اور دو تین ماہ کے اندر آپ کوصفائی کے حوالے سے بڑی خوشخبریاں دیں گے اورلاہور شہر کی رونقیں دوبارہ بحال کرنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیوں کوبروئے کارلائیں گے۔ انھوں نے مزیدبتایاکہ انکروچمنٹ کے خلاف بھی کام کر رہے ہیں، لاہور کی انتظامیہ پہلے سے زیادہ کام کرے گی، انتظامیہ آپکو فارغ بیٹھی نظر نہیں آئے گی۔ انھوں نے بتایاکہ کروناکی وباءخصوصی طورپر بچوں کو متاثر نہیں کررہی بلکہ گذشتہ سال کروناوباءکے باعث 1297 بچوں میں کرونا وائرس کے کیسز جبکہ امسال مارچ میں 23سو کیسز سامنے آئے ہیں، گزشتہ سال 12 جبکہ اس سال 5 اموات ہوئیں،ہمیں کرونا وائرس کے حوالے سے بچوں میں زیادہ احتیاط کرنی ہے۔انھوںنے بتایاکہ ویکسین کے بارے میں کوئی شک و شبہ نہ رکھیں بلکہ پہلی فرصت میں ویکسین لگوائیں،پاکستان میں موجود دو ویکسین ہیں ان کا ایک بھی سائیڈ ایفیکٹ نہیں ہے۔صدر ارشد انصاری اور سیکرٹری زاہد چوہدری نے کمشنرلاہور کی جانب سے کروناوباءکے خلاف اقدامات اور اشیاءضروریہ کی ترسیل و قیمتیں مقرر کرنے سمیت تمام اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میڈیاان کے تمام مثبت اقدامات میں ان کے شانہ بشانہ کام کرے گا۔پروگرام کے اختتام پر لاہور پریس کلب کی جانب سے معزز مہمان کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

Leave a reply