ملک کی سیاسی قیادت نے ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح پر قومی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے قوم اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کو فتح پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جیت پر قوم اور کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارک دیتا ہوں، آپ نے قوم کے دل بھی جیت لئے ہیں، شاباش ٹیم پاکستان۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان بھارت کے خلاف کرکٹ میچ جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کر دی۔

 

 

عمران خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے لکھا: ’ٹیم پاکستان کو زبردست فائٹ بیک اور جیت پر مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان ٹیم نے انتہائی دباؤ میں اعصاب پر قابو رکھا، مشکل وقت میں قوم کا مورال بلند کرنے کے لیے یہ جیت ضروری تھی‘۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ روایتی حریف بھارت سے حساب برابر کر نے پر قومی کرکٹ ٹیم کو دلی مبارکباد دیتا ہوں، قوم کو آپ پر ناز ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے بہترین کھیل پیش کرکے روایتی حریف کو زیر کیا جبکہ رضوان نے شاندار بلے بازی کے ذریعے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔

 

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان ٹیم کوبھارت کیخلاف کامیابی پرمبارکباد دیتے ہوئے تمام کھلاڑیوں خاص طور پر محمد رضوان کے کھیل کو سراہا۔

 

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ایک خوفناک آفت کے درمیان ہمارے خوشی اور مسکراہٹیں لانے کے لیے آپ کا شکریہ اور شاباش ٹیم پاکستان۔ پاکستان زندہ باد۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان نےشاندارکھیل پیش کرکے روایتی حریف کو پچھاڑا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے بھی ٹویٹ کرکے ٹیم کو مبارکباد دی۔

Shares: