پاکستانی قوم سمیت پوری امت مسلمہ کو جشن میلادالنبیؐ کی دلی مبارکباد:سید مصطفی کمال

0
43

کراچی: پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے پاکستانی قوم سمیت پوری امت مسلمہ کو جشن میلادالنبیؐ کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رحمت العالمین محمدﷺ نے عصبیت کے بت کو پاش پاش کر کہ بتایا کہ دین میں کسی تعصب کی گنجائش نہیں۔ آج جدید سائنسی ترقی کے دور میں دیگر مذاھب سے تعلق رکھنے والے اسکالرز اور سائنس دان بھی اس بات پر متفق ہیں کہ نبی کریم محمدﷺ ہر لحاظ سے کائنات کے ذہین ترین انسان ہیں۔

سید مصطفی کمال نے کہا کہ نبی کریم محمدﷺ کا کردار اور تعلیمات تاقیامت انسانیت کی فلاح اور نجات کا باعث ہیں۔ سرور کونین محمدﷺ سے محبت کا تقاضہ ہے کہ انکی سنت پر، جو قرآن کے علاؤہ کچھ نہیں، اس پر صدق دل سے عمل پیرا ہو جایا جائے۔

عید میلادالنبیؐ کے موقع پر پاکستان ہاؤس سے جاری ایک خصوصی پیغام میں سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ رب العالمین کا احسانِ عظیم ہے کہ اس نے اپنے محبوب محمد مصطفٰیﷺ کو جملہ عالم کے لیے رحمت العالمین بناکر بھیجا۔ آقائے نامدار، سرور کائنات، امام الانبیاء، خاتم النبیین محمد مصطفٰیﷺ کی ولادت باسعادت صرف مسلمانوں ہی کیلئے باعث رحمت و برکت نہیں بلکہ پوری انسانیت کی نجات کا باعث ہے، لحاظہ آقائے دوجہاں محمدﷺ کے جشن ولادت کی جتنی خوشی منائی جائے وہ کم ہے۔

محبوب کبریا محمدﷺ کی بدولت دنیا سے جہاں جہالت، ظلم و جبر کے اندھیروں کا خاتمہ ہوا وہیں عدل و انصاف، مساوات اور رحمت کے نور سے دنیا کی آبیاری ہوئی۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام و مشائخ سے اپیل کی ہے کہ وہ جشن عید میلادالنبی ؐ کے پر مسرت موقع پر نبی کریم محمدﷺ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے لوگوں کو مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، ایک دوسرے کے مسالک و عقائد کے احترام کا درس دیں۔

Leave a reply