مہاراشٹرا:بھارت میں رکن اسمبلی انجنیئرپر تشدد کرنے کی وجہ سے گرفتار،اطلاعات کے مطابق بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کی پولیس نے ممبئی-گووا ہائی وے پر کام کا جائزہ لینے والے ڈپٹی انجینئر پر گدلے پانی سے حملہ کرنے پر کانگریس کے رکن اسمبلی نتیش رینے کو گرفتار کرلیا۔بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلیٰ نارائن رینے کے بیٹے نتیش رینے کی جانب سے ممبئی-گووا ہائی وے کی خراب حالت پر احتجاج کرتے ہوئے سرکاری انجینئر پر گدلا پانی انڈیلنے کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔

ایس پی ڈکشٹ گیدام کا کہنا تھا کہ ‘انہیں مذکورہ کیس میں پولیس نے حراست میں لے لیا ہے’۔رکن اسمبلی کی جانب سے سرکاری انجینئر پر گدلا پانی انڈیلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا میں وائرل ہوئی جس میں نتیش اور کانکاؤلی میونسپل کونسل کے صدر سمیر نالاواڈے کو ڈپٹی انجینئر پراکاش خیدکار پر مٹی سے بھرے گدلے پانی کی بالٹی انڈیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ نتیش اور ان کے حامیوں کے خلاف سرکاری ملازم پر تشدد کی سیکشن 353 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔نتیش کی جانب سے سرکاری عہدیدار سے نامناسب رویہ اختیار کرنے پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید پر سابق وزیر اعلیٰ نارائن رینے نے اپنے بیٹے کی کردار پر معذرت بھی کرلی تھی۔مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘میرے بیٹے کی جانب سے سرکاری عہدیدار پر گدلا پانی پھینکنے پر میں معذرت خوا ہوں، یہ احتجاج علاقے کے لوگوں کے لیے تھا’۔

Shares: