اسلام اباد:کرپٹ شخص کواسمبلی میں تقریر نہیں کرنے دیں گے:شہبازگل کا اعلان،اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہےکہ شہباز شریف جب تک کرپشن کیسز میں حساب نہیں دیتے انہیں اسمبلی میں تقریر نہیں کرنے دیں گے۔

فیصل آباد میں میڈیا سےگفتگو میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ چار سال بڑی ڈھیل دے کر دیکھ لیا، مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں چار ارب روپےکےکیس میں شریف ایسے پھنسے کہ کوئی بھی انہیں نہیں چھڑا سکتا۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ شہباز شریف چوری کا حساب دیں اور اسمبلی میں تقریر کریں، حب تک آپ حساب نہیں دیں گے،آپ کو تقریر نہیں کرنےدیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو عمران خان نے بھگوڑا کہہ کر کچھ غلط نہیں کیا، انہیں تو خود عدالت نے بھگوڑا قرار دیا تھا ۔

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل کی سابق وزیر اعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے زبان پھسل گئی۔

فیصل آباد میں میڈیا سےگفتگو میں شہباز گل کی زبان پھسلی اور وہ نوازشریف کی جگہ عمران خان پر طنز کرگئے۔

انہوں نے کہا کہ ’عدالت نے نواز شریف کو بھگوڑا قرار دیا ہے تو کیا ہم عمران خان کو ایتھلیٹ کہیں؟‘ لیکن اپنی غلطی کا احساس ہونے پر انہوں نے فوراً ہی تصیح کردی کہ کیا نواز شریف کو ایتھلیٹ کہوں؟

Shares: