کرکٹر حسن علی بھی ایکشن میں آنے کے لیے تیار
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے فٹنس بحال کرلی، وہ اگلے ہفتے قائد اعظم ٹرافی کے نویں راؤنڈ مییں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق حسن علی نے کلب کرکٹ کا بھی آغاز کردیا ہے۔
25 سالہ فاسٹ بولر حسن علی کمر کی انجری کی وجہ سے ستمبر کے وسط کے بعد سے کرکٹ کے میدان سے باہر ہیں، اس سیزن میں وہ اب تک صرف ایک فرسٹ کلاس میچ کھیل سکے ہیں جس کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ان کی بحالی صحت پر کام شروع کردیا گیا تھا۔
پی سی بی کے مطابق حسن علی اب کرکٹ کے میدان میں واپسی کیلئے تیار ہیں، ڈومیسٹک ٹیم سینٹرل پنجاب کی انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ حسن علی آئندہ ہفتے کراچی میں خیبر پختونخوا کیخلاف میچ میں اپنی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔