ٹک ٹاکر ڈولی کی آٹھ جون تک عبوری ضمانت اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج منظور کر لی ہے جسٹس طارق جہانگیری نے ڈولی کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا بھی حکم دیا ۔ڈولی کے وکیل عدالت تاخیر سے پہنچے تو جج نے اظہار برہمی کیا اور کہا کہ آپ نے آج ہی سماعت کے لئے درخواست دی اور خود ہی تاخیر سے پہنچ رہے ہیں۔ ڈولی کے وکیل نے کیس کی تیاری کے لئے عدالت سے مزید وقت مانگ لیا ۔ واضح رہے کہ اٹھاراں مئی کو سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہوئی جس میں ٹک ٹاکر ڈولی سفید فراک زیب تن کر کے چلتی نظر آرہی ہیں اور ان کے پیچھے دیکھا جا سکتا ہے کہ درختوں کو آگ لگی ہوئی ،ڈولی پر الزام ہے کہ یہ آگ انہوں نے خود لگوائی صرف اپنی ٹک ٹاک وڈیو بنانے کے لئے.

وڈیو دیکھ کر ہر طبقے نے شدید تنقید کی اور کہا کہ ایسے کرداروں کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے۔ اسلام آباد میں وائڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی چیئرمین رعنا سعید خان نے تو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ کوئی اتنا بے حس ہو سکتا ہے کہ اچھے کپڑے پہن کر اور سٹائل بنا کر اپنی ویڈیو کو وائرل کرنے کے لیے جنگلات میں آگ لگا دے۔ اس کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔ جہاں تک ممکن ہو گا ایسے لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

Shares: