ڈپٹی کمشنر کاپاپولیشن ویلفیئر ‘ زراعت ‘ ضلع کونسل کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار

سرگودہا (نمائندہ باغی ٹی وی )ڈپٹی کمشنر آسیہ گل نے انسداد ڈینگی کی مہم میں پاپولیشن ویلفیئر ‘زراعت اور ضلع کونسل کی کارکردگی پر عدم اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے اپنی سرگرمیاں تیز کریں اور ڈینگی کے حوالے سے عوام کو آگہی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے محفوظ رہنے کیلئے شہریوں کاتعاون اورکردارکسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ ڈینگی لاروا کی سرویلنس او رمکمل چھٹکارے کیلئے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے شہریوں کو آگاہ رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وہ آج ڈینگی کے ممکنہ خدشات اورمتعلقہ اداروں کے کئے گئے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہی تھیں اجلاس میں سی او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد ریاض ‘ ڈی ایچ او ڈاکٹر اصغر قاضی ‘ پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ کے علاوہ متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انہیں بتایاگیاکہ آٹھ ڈینگی کے مریض سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں 7 مریض ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ ایک مریض تحصیل ہیڈکوارٹر شاہپور میں زیر علاج ہے ۔اجلاس میں مزید بتایاگیاکہ تحصیل شاہپور میں تین مقامات پر ڈینگی لاروا کی تشخیص ہوئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جامع او رموثر اقدامات کے نتیجے میں ضلع ڈینگی کے خطرہ سے کافی حد تک محفوظ ہے تاہم عوام الناس کو ڈینگی وائرس سے بچاؤ ‘ حفاظتی تدابیر اور ڈینگی ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ انسداد ڈینگی کے لئے فیلڈ میں کئے جانے والے اقدامات کے ساتھ ساتھ روزانہ کی بنیاد پر رپوٹنگ کا مقصد فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی جانچنا ہے ۔ مختلف محکموں کی جانب سے کئے گئے اقدامات ویکٹر سرویلنس اور تمام اقدامات کے نتیجہ کاجائزہ لینا ہے ۔

Comments are closed.