رحیم یار خان ()ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم مذہبی، لسانی اور گروہی معاملات سے نکل کر ایک ہو جائیں،ہمیں اپنے فروعی اختلافات کو بھول کو ملک وقوم کی بہتری اور قیام امن کے لئے کام کرنا ہے، اللہ تعالیٰ نے ریاست اور قانون کے ذریعے جو اختیارات ہمیں دیئے ہیں وہ اختیارات جرائم کے خاتمے، قانون کی عملداری اور عوام کی فلاح وبہبود کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے حوالہ سے منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ڈی پی او عمر سلامت، ارکان پارلیمنٹ چوہدری محمد شفیق، میاں محمد شفیع، عامر نواز خان چانڈیو،اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ڈی پی اوز، ممبران امن کمیٹی علامہ عبدالروف ربانی، خواجہ محمد ادریس، ریاض احمد نوری، بابر زمان، مولانا فضل محمود حیدری، جمیل اظہر نقشبندی، شیخ اللہ وسایا قصوری، سید شاداب الحسن گیلانی، رانا محمد آصف، سید جاوید حسین شاہ، سید آصف حسین نقوی، مفتی عبدالقادر سعیدی، حاجی اکبر علی شاہین، صدر پریس کلب میاں احسان الحق، اشفاق خان ایڈووکیٹ ودیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہر مذہب ہمیں دوسروں کے عقائد کا احترام سکھاتا ہے اور کسی بھی مذہبی تہوار کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنا انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت تمام مکاتب فکر کے رہنماؤں کی ذمہ داری ہے اور بطور ضلعی ایڈمنسٹریٹر مجھے خوشی ہے کہ ضلع رحیم یار خان کے تمام علماء کرام امن کے داعی اور قیام امن کے لیے اپنا بھر پور کردار اداکرنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنی تحصیلوں میں امن کمیٹیوں کے اجلاس طلب کرکے محرم الحرام کے حوالہ سے انتظامات کو حتمی شکل دیں اور جلوس ومجالس کے روٹس کو کلیئر رکھنے کے لئے اقدامات کریں۔ڈی پی او عمر سلامت نے کہا کہ پاکستان ایک فلاحی اسلامی ریاست ہے ہمارا دوسروں کے مذاہب اور فرقہ ورستی سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے ایک دوسرے کی عزت کریں اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ علماء،مشائخ اور دینی جماعتیں امن و امان قائم رکھنے میں حکومتی اداروں کی مدد کریں، دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے اتحاد اور یکجہتی کی فضا کو قائم رکھنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان کے علماء کرام اور مذہبی جماعتوں نے ہمیشہ قیام امن کے لئے ایک قدم آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا اس روایت کو مزید مستحکم بناتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک، عید تہوار سمیت دیگر مذہبی مواقع پر پولیس نے اپنے فرائض احسن انداز سے سر انجام دیئے او راب بھی عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر امن وامان کے قیام میں تمام مکاتب فکر اور منتظمین مجالس و جلوس پولیس کے ساتھ تعاون کریں، بغیر پیشگی اجازت کسی جلوس یا مجالس کا انعقاد نہیں کیا جائے جبکہ تمام سرکل کے ایس ڈی پی اوز فوری طور پر امن کمیٹی ممبران کے ساتھ مل کر محرم الحرام کی حکمت عملی مرتب کریں۔ارکان پارلیمنٹ چوہدری محمد شفیق، میاں محمد شفیع اور عامر نواز خان چانڈیو نے کہا کہ رمضان المبارک، عید الفطر، عید الاضحی سمیت مذہبی اور قومی تہواروں پر موجودہ حکومت کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اپنے فرائض سابقہ ادار کی نسبت بہتر انداز سے انجام دیئے جس کے باعث شہریوں کی جانب سے شکایات موصول نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح محرم الحرام کے ایام میں بھی بھائی چارے کی فضا کو برقر ار رکھا جائے گااور ارکان اسمبلی اس میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ممبران امن کمیٹی خواجہ محمد ادریس، علامہ عبدالروف ربانی، ریاض نوری بابر زمان، مولانا فضل محمود حیدری سمیت دیگر نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان میں فرقے موجود مگر فرقہ واریت کا نام و نشان نہیں ہے اس ضلع کے تمام مسالک کے علماء کرام قیام امن اور مذہبی رواداری کے فروغ میں انتظامیہ کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے قبل از وقت میٹنگ کا انعقاد کرکے اچھی روایت قائم کی ہے اور پیشگی مسائل سامنے آنے سے ان کے حل میں آسانی ہو گی۔اجلاس کے اختتام پر ملک وقو م اور کشمیری عوام کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی۔

Shares: