رحیم یارخان ویکسینیٹر کو موٹر سائیکل کی فراہمی کی تقریب میںڈی سی او کی شرکت
ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو بہتر اور معیاری صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، ضلع رحیم یا رخان جغرافیائی اور آبادی کے لحاظ سے بڑا ضلع ہے جبکہ چولستان اور کچہ کے ایریاز میں صحت کی سہولیات پہنچانا کسی چیلنج سے کم نہیں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے پولیو مہم اور ای پی آئی پروگرامز میں 100فیصد نتائج کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے ضلع بھر کے دشوار علاقوں میں فرائض سر انجام دینے والے50ویکسینیٹرز کو موٹر سائیکلز فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ انسداد پولیو اور ای پی آئی(حفاظتی ٹیکہ جات) کے پروگرام کو کامیاب بنا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے پہلے مرحلہ میں ضلع کے 50ویکسینیٹرز کو موٹر سائیکلز فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا، ڈی ایچ او ڈاکٹر حسن خان،ڈاکٹر عمران جتوئی، ڈاکٹر اسامہ افتخار سمیت دیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ویکسینیٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے پیشہ ورانہ امور ایمانداری و فرض شناسی سے انجام دیں، فیلڈ میں کام کرنے والے ملازمین کو مزید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ موٹر سائیکلز قومی امانت ہیں فرائض کے ساتھ ساتھ ان کی بھی مناسب دیکھ بھال رکھی جائے۔انہوں نے سی ای او ہیلتھ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ تمام موٹر سائیکلز کی ماہانہ چیکنگ کا میکنزم تشکیل دیں۔