جس کام پر انسان کا خاتمہ ہوتا ہے، اور انسان ہمیشہ اسی کام میں رہے گا اور روز قیامت اسی کام کو سرانجام دیتے ہوئے زندہ کیا جائے گا. اعمال کی مقبولیت کا دارومدار نیت پر ہے اور ان مقبول اعمال کا فائدہ بندے کے خاتمے پر منحصر ہے. اگر کوئی بندہ ساری زندگی اعمال صالحہ کرتا رہے اور خدانخواستہ اس کا خاتمہ اچھا نہ ہو تو ان اعمال کا فائدہ نہیں ہوگا. اگر کوئی بندہ نیک اعمال نہیں کرتا مگر اس کا خاتمہ باالخیر ہو تو وہ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے فلاح پا جاتا ہے.
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ
بعض اوقات تم جس بندے کو اعمال صالحہ اور تقویٰ کی بنیاد پر جنتی سمجھ رہے ہوتے ہو اس کا ٹھکانہ جہنم میں ہوتا ہے اور معصیتوں اور برے کاموں کی بنیاد پر جس بندے کو تم جہنمی سمجھ رہے ہوتے ہو بعض اوقات اس کا ٹھکانہ جنت میں ہوتا ہے.
مندرجہ بالا ارشاد عالیشان سے مراد یہی ہے کہ خاتمہ ہر حال میں خیر پر اور بہتر ہونا چاہئے.
شریعت نے ایسے امور کی راہنمائی فرمائی ہے جو اچھے خاتمے کا سبب بنتے ہیں. اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ.
"اللہ اہل ایمان کو ثابت قدمی عطا فرماتا ہے دنیا کی زندگی میں بھی اور قیامت کے دن بھی” یہاں قول ثابت سے مراد لا اله الا الله مطلب توحید ہے. بندہ صحیح معنوں میں توحید پر ڈٹا رہے تو اللہ تعالیٰ اس کو دنیا اور آخرت کے متعلق ثابت قدمی عطا فرماتے ہیں.
دوسرے مقام پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ تمہارے درمیان دو چیزیں چھوڑ کر جا رہا ہوں جب تک تم ان دونوں چیزوں کو مضبوطی سے تھامے رکھو گے اس وقت تم گمراہ نہیں ہونگے، ایک قرآن اور دوسری حدیث.
خاتمے کی بنیاد پر جنتی یا جہنمی کا فیصلہ ہو جاتا ہے. اس حوالے سے متعدد صحیح واقعات احادیث مبارکہ میں موجود ہیں.
ایک غزوہ میں ایک آدمی بڑی شجاعت اور جوانمردی سے کفار کا قتال کر رہا تھا. کفار کی جس صف میں گھستا سب کو موت کے گھاٹ اتار کر واپس نکلتا. صحابہ کرامؓ فرماتے کہ قتال، شجاعت اور بہادری میں اس دن اس سے کوئی بڑا نہیں تھا. نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اصحاب سے فرمایا کہ اگر تم لوگوں میں سے کسی نے جہنمی کو دیکھنا ہو تو اس شخص کو دیکھ لو.
صحابہ کرامؓ یہ سن کر پریشان ہو گئے کہ اتنی بہادری سے کفار کا قتل عام کرنے والے کا ٹھکانہ جہنم ہے تو پھر ہمارا کیا بنے گا. ایک صحابی اس آدمی کے تعاقب میں رہتے ہیں. وہ بندہ اسی شجاعت اور جوانمردی سے قتل پہ قتل کرتا جا رہا ہے. آخرکار وہ شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تکلیف کو برداشت نہ کر پایا. اپنی تلوار کا دستہ زمین پر لگا کر اپنا سینہ تلوار پر رکھ کر جھول گیا اور تلوار دو کندھوں کے درمیان پشت سے آرپار ہو گئی اور وہ حرام موت مر گیا. ساری زندگی اچھے کام کئے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ آخری جنگ میں شریک ہو کر کفار کا قتل عام بھی کیا مگر خاتمہ اچھا نہیں ہوا.
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ آخرت کے دن شہید کو لایا جائے گا، اس کی شہہ رگ کٹی ہوئی ہوگی، خون بہہ رہا ہوگا. خون کا رنگ تو لال ہوگا مگر اس سے جنت کی کستوری والی خوشبو آ رہی ہو گی. جس کام پر انسان کا خاتمہ ہوتا ہے وہ کام کرتے ہوئے اس کو زندہ کیا جاتا ہے.
ایک محدث رحمتہ اللہ تعالیٰ کا قول ہے کہ سلف صالحین کی آنکھوں کو جس بات نے سب سے زیادہ رلایا وہ خاتمے کے متعلق ہے. وہ اس بات پر روتے رہتے تھے کہ خاتمہ کس صورت اور کس حال میں ہوگا.
صحیح بخاری میں ایک شخص کا قصہ مزکور بے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ حج ادا کر رہا تھا. طواف کرتے ہوئے تلبیہ پڑھ رہا تھا. کہیں اس کی سواری کا پاؤں کسی ناہموار جگہ یا کسی بل میں چلا گیا، جس سے اونٹنی اپنا توازن کھو بیٹھی اور آدمی گردن کے بل گر گیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی.
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اس کے احرام کی چادروں کو نہ بدلو، اسی احرام کی چادروں میں دفن کرو. اس کا سر نہ ڈھانپو، دوران حج احرام میں سر ننگا ہوتا ہے. اس کو خوشبو بھی مت لگاؤ کیوں کہ احرام کی صورت میں خوشبو لگانا منع ہے. یہ بندہ حالت حج کی ادائیگی میں فوت ہوا اور قیامت کے دن اسی طرح حج کرتے ہوئے اٹھے گا.
بنی اسرائیل کا مشہور واقعہ ہے کہ 100 بندوں کے قاتل کو اللہ تعالیٰ نے جہنم سے نکال کر جنت میں بھیج دیتے ہیں. کیوں اس بندے کا خاتمہ خوف الٰہی کی وجہ سے توبہ کی تلاش پر ہوا. وہ بندہ اپنے گناہوں پر شرمندہ ہو کر توبہ کی غرض سے دوسری بستی جا رہا ہوتا ہے کہ راستے میں موت واقع ہو جاتی ہے.
کفل کا واقعہ بھی ہم سب جانتے ہیں، آخری درجے کا زانی اور شرابی تھا. ایک رات برائی کرتے وقت دل میں خیال آیا اور عورت کو مقررہ رقم دے کر واپس بھیج دیا. خوف خدا دل میں آیا اور توبہ کی اور اسی لمحے فوت ہو گیا. اللہ تعالیٰ نے اس کے دروازے پر لکھوا دیا کہ کفل کو معاف کر دیا گیا ہے.
صحیح مسلم کی حدیث ہے کہ حضرت محمد رسولﷺ نے فرمایا کہ جس شخص کی موت کے وقت اسکو لا اله الا الله کا علم ہو جائے تو وہ جنت میں جائے گا. موت کے وقت خالی کلمہ کے ورد کا فائدہ نہیں، لا اله الا الله میں توحید ہے. اس میں ایک اثبات اور نفی ہے. اس کلمے کی بنیاد پر مرنے والے شخص کا خاتمہ ہونا چاہیے. اللہ کے رسولﷺ نے تبلیغ کے ذریعے تمام لوگوں تک توحید کا پیغام پہنچا کر حجت قائم کر دی. بندے کے خاتمے اور ٹھکانے والا معاملہ صرف اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے.
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اعمال صالحہ کی توفیق دیں اور خاتمہ باالایمان عطا فرمائیں.
@mian_ihsaan