بالی وڈ منشیات کیس: دوران تفتیش دپیکا پڈوکون این سی بی کی جانب سے پوچھے گئے سخت سوالات پر 3 بار روئیں
گذشتہ روز ممبئی میں آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت سے متعلق منشیات کی تحقیقات میں پوچھ گچھ کے لئے بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون ، شردھا کپور اور سارہ علی خان این سی بی آفس میں پوچھ گچھ کی اس دوران اداکارہ دپیکا پڈوکون این سی بی کی جانب سے پوچھے گئے سخت سوالات پر 3 بار روئیں۔
باغی ٹی وی : بالی وڈ منشیات کیس میں بھارتی شوبز انڈسٹری کے متعدد فنکار اس وقت مشکل میں گھرے ہوئے ہیں جنہیں منشیات استعمال کیس میں تحقیقاتی اداروں کی جانب سے پوچھ گچھ کے لیے بلایا جا رہا ہے ان فنکاروں میں سارہ علی خان، شردھا کپور اور دپیکا پڈوکون کے نام سر فہر ست ہیں۔
گزشتہ دن دپیکا پڈوکون این سی بی کی جانب سے بلائے جانے پر تفتیش کے لیے پیش ہوئیں۔
بھارتی ویب سائٹ پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق این سی بی کے ذرائع کا بتانا ہے کہ دپیکا پڈوکون سے 5 گھنٹے تفتیش کی گئی اس دوران اداکارہ دپیکا پڈوکون سے سخت سوالات پوچھے گئے جس کی وجہ سے وہ 3 مرتبہ روئیں۔
تفتیش کے دوران دپیکا کی جانب سے اپنی منیجر کرشمہ پراکاش سے منشیات سے متعلق واٹس ایپ چیٹ کا اعتراف بھی کیا گیا جبکہ دپیکا نے منشیات کے استعمال کے تمام دعوؤں کی تردید کر دی-
ساتھ ہی حکام نے دیپیکا پڈوکون اور سارہ علی خان کے موبائل فون کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ان فونز کو فارنزک کے لیے بھجوایا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ سارہ علی خان سے 2017 سے اب تک ان کے استعمال میں رہنے والے موبائل فونز بھی طلب کیے گئے تاہم اداکارہ نے ان فونز سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون اور ان کی منیجر کرشمہ پراکاش کی 2017 میں واٹس ایپ پر کی جانے والی منشیات سے متعلق گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دپیکا پڈوکون منیجر کرشمہ پراکاش سے اپنے لیے منشیات منگوا رہی ہیں۔
دپیکا کی اس چیٹ کے وائرل ہونے کے بعد ہی بھارتی تحقیقاتی ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے دپیکا پڈوکون، سارہ علی خان، شردھا کپور اور راکول پریت سنگھ کو سمن جاری کیے تھے۔