ڈنمارک کی وزیر اعظم کی شادی ملتوی ہو گئی
باغی ٹی وی :ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن نے آئندہ ماہ یورپی یونین کے ایک اہم اجلاس کی وجہ سے اپنی شادی ملتوی کر دی۔یورپی یونین میں شامل ممالک کے سربراہان کا اجلاس 17 جولائی کو منعقد ہو گا اور کورونا وائرس کی وبا کے بعد یہ پہلی مرتبہ منعقد ہو رہا ہے۔اجلاس میں یورپی یونین کا بجٹ اور کورونا وائرس سے نمٹنے سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔
ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن کی شادی انہی تاریخوں میں طے ہے تاہم اب انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اجلاس کی وجہ سے اپنی شادی ملتوی کر رہی ہیں۔میٹ فریڈرکسن نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ وزیراعظم ہونے کی حیثیت سے ان پر بڑی ذمہ داری اجلاس میں شرکت کی ہے اس لیے وہ اپنی شادی ملتوی کر رہی ہیں۔واضح رہے کہ دیگر ممالک کی طرح ڈنمارک بھی کورونا وائرس سے متاثر ہے اور وہاں کیسز کی تعداد 12 ہزار سے زائد اور اموات کی تعداد 603 ہے۔
واضح رہے کہ یورپی ممالک میں اب بھی کرونا کا اثر ہے، برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 43 ہزار 230 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 7 ہزار 980 ہو چکی ہے۔
اسپین میں کورونا کے اب تک 2 لاکھ 94 ہزار 566 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں جب کہ اس وباء سے اموات 28 ہزار 330 ہو گئیں۔پیرو میں کورونا وائرس کے باعث 8 ہزار 761 ہلاکتیں اب تک ہو چکی ہیں جبکہ یہاں کورونا کیسز 2 لاکھ 68 ہزار 602 رپورٹ ہوئے ہیںاٹلی میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 34 ہزار 678 ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 2 لاکھ 39 ہزار 706 رپورٹ ہوئے ہیں۔