بچوں سے جبری مشقت لینے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ڈپٹی کمشنر آسیہ گل

بھٹہ مزدوروں کے 1050بچے بھٹہ سکولوں سے تعلیم یافتہ ہو کر فارمل سکولوںمیں داخلہ لے چکے ہیں۔
آئندہ سال تک تمام بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کریں۔ اجلاس میں ہدایت۔
سرگودہا(نمائندہ باغی ٹی وی)۔ڈپٹی کمشنر سرگودہا آسیہ گل نے کہا ہے کہ جبری مشقت انسانیت کی تذلیل اور معاشرے کیلئے بد نما داغ ہے ۔ آجر اور اجیر جبری مشقت کی نفی کریں ۔آزاد اور خوشحال سماج کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر عمر ارسلان ،ڈائریکٹر سوشل سیکورٹی ہیلتھ ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر ایلمنٹری ذوالفقار احمد رانجھا،بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے راہنما اور مزدور ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوںکی تعلیم و تربیت اور صحت کے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کے مفید شہری بن سکیں۔ انہوںنے مزید کہاکہ بھٹہ سکولوںمیں مزدوروںکے بچوںکی تعلیم و تربیت کو سوفیصد یقینی بنایا جائے انہیںکتب سمیت دیگر تعلیمی ضروریات بہم پہنچائی جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ رہے جبکہ انکی پرائمری کے بعد کی تعلیم پر بھی توجہ دی جائے ۔ انہوںنے محکمہ سوشل سیکورٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ بھٹہ مزدوروںکوصحت کی سہولتیں انکی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے خصوصی میڈیکل کیمپ لگائیں اور مفت ادویات کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔ انہوںنے بچوںسے مشقت لینے والے اداروں کے مالکان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ۔انہوںنے اولڈ ایج بینیفٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسرا ن کو ہدایت کی کہ وہ تجارتی اداروں اور 436بھٹوںپر کام کرنے والے محنت کشوںاور مزدوروںکی رجسٹریشن کو یقینی بنائیںجبکہ مالکان سے ضابطے کے مطابق وصولیاں بھی کی جائیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر عمر ارسلان نے اجلا س کو بتایا کہ سرگودہا میں 8000بھٹہ مزدوروں میں سے 2300کو شناختی کارڈ جاری کئے جا چکے ہیں اور شناختی کارڈ نہ رکھنے والے دیگر مزدوروں کوکارڈ کے اجراءکیلئے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں بھٹہ مزدوروں کے بچوں کیلئے قائم بارہ سکولوں میں 363طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ ضلع کے 50سکولوں سے تعلیم حاصل کرنے والے1050بچوں کو فارمل سکولوں میں داخل کروایا جا چکا ہے۔ محکمہ سوشل سیکورٹی کے نمائندے نے بتایاکہ اس وقت تک 1625محنت کش مزدور سوشل سیکورٹی کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ جن میں سے 731کو R-5کارڈ جاری کئے جا چکے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بھٹہ مالکان کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سال تک اپنے تمام بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کریں تاکہ سموگ جیسے حالات کو پیدا ہونے سے روکا جا سکے۔ انہوںنے دھان کی فصل کے فضلہ،پرالی و مڈھ کو جلانے والے کسانوں کے خلاف بھی کارروائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

Comments are closed.