ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے سفیر ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نےکہا کہ موجودہ حکومت سمندر پا ر پاکستانیوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پاکستان میں انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار فرانس میں پاکستان تحریک انصاف کے صدر ذوالفقار جیتالاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ڈپٹی اسپیکر سے ملاقات کی۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی اطلاعات احمد جواد بھی موجود تھے۔
ذوالفقار جیتالا نے موجودہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی موذی مرض کی روک تھام کے لیے اپنائی جانے والی حکمت عملی اور بروقت اقدامات کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ فرانس اور دیگر ترقی یافتہ ممالک جہاں پر جدید طبی سہولیات اور وسائل موجود ہیں اب تک اس موذی مرض پر قابو پانے میں ناکام ہیں اور ان ممالک میں لاکھوں افراد اس موذی مرض کا شکار ہو چکے ہیں ۔انہوں نے ڈپٹی اسپیکر کو بیرون ملک مقیم پاکستانی کو پارلیمنٹ میں نمائندگی دلانے کے لیے کہا ۔ انہوں نے ڈپٹی اسپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہا ر کیا اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ موجودہ حکومت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ کھڑی ہے اور اُنہیں درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھا ارہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ بیروں ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں نمائندگی دلانے کے لیے متعلقہ فورمز پر بات کریں گے۔ ***