ڈیرہ اسماعیل خان میں موبائل پولیس پر حملہ ہیڈ کانسٹیبل شہید
ڈیرہ اسماعیل خان میں موبائل پر حملہ ہیڈ کانسٹیبل شہید
باغی ٹی وی :کوئٹہ کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی آج دہشت گردی ہوئی ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا کیا گیا۔
دہشت گردوں کے اس حملے میں ہیڈ کانسٹیبل ریاض شہید اور ڈرائیور عطا اللہ زخمی ہو ئے ہیں۔زخمی اہل کار کو اسپتال پہنچا دیا گیا جہاں ڈاکٹر ان کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔پولیس موبائل انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور تھی۔پولیس کے مطابق پولیس موبائل جب گاؤں میڈی کے قریب پہنچی تو سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی کا دھماکا ہو گیا۔دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی، گولیاں لگنے سے ایک اہل کار موقع پر ہی شہید ہو گیا۔خیال رہے ملک بھر میں 17 فروری سے پولیو کے خلاف مہم شروع کی گئی ہے۔
پولیو سے سب سے زیادہ خیبر پختونوخواہ متاثر ہے جہاں صرف رواں برس 9 کیس سامنے آچکے ہیں۔دہشت گردوں کی جانب سے حملے ایسے وقت کیے جا رہے ہیں جب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔پاکستان نے پہلے ہی ان خدشات کا اظہار کر دیا تھا کہ بھارت ہائی پروفائل دورں کو سبوتاژ کرنے کے لیے دہشت گردی کراسکتا ہے۔