وزیراعلیٰ سندھ نے ٹی وی اینکر مرید عباس سمیت3 افراد کےقتل کا نوٹس لے لیا ہے جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے. میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کرتے ہوئے مرید عباس کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے. مرید عباس کی اہلیہ زارا عباس کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر کو عاطف زمان نے اپنے دفتر بلایا تھا جو مرید عباس کا کاروباری پارٹنر بھی تھا. وہ میرے شوہر کو پیسے نہیں دے رہا تھا اسی نے میرے شوہر کا قتل کیا ہے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال، تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ، پیپلز پارٹی کے مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب، پی ایف یو جے کے صدر رانا محمد عظیم، سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے جی ایم جمالی و دیگر نے مرید عباس کے قتل کی سخت مذمت کی ہے.
سیاسی، مذہبی و صحافی رہنماؤں نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے. دکھ کی گھڑی میں ہم صحافی برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں.