بھارتی ریاست ہریانہ میں ریلوے سٹیشن کے انچارج کو ایک خط ملا جس میں ہریانہ کے گیارہ ریلوے سٹیشن اور چھ مندروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے ، خط ملنے کے بعد بھارت میں کھلبلی مچ گئی، سیکورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاست ہریانہ کے ایک ریلوے سٹیشن کے سپریڈینٹ کو خط بذریعہ ڈاک موصول ہوا جس میں دھمکی دی گئی کہ ریاست کے ریلوے سٹیشن اور مندروں کو بم سے اڑا دیا جائے گا ، خط میں مندروں کو اڑانے کی تاریخ 8 اکتوبر لکھی گئی ہے، بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ خط مسعود احمد نامی شخص کی طرف سے آیا ہے جس نے خط میں اپنے آپ کو جموں کشمیر جیش محمد کا ایریا کمانڈر بتایا ہے.
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق راجستھان ، گجرات ، تمل ناڈو ، مدھیہ پردیش ، اترپردیش اور ہریانہ کے مندروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے، جبکہ گیارہ ریلوے سٹیشنز کو بھی ہدف بنانے کا کہا گیا ہے. خط ملنے کے بعد بھارت میں کھلبلی مچی ہوئی ہے،دہلی ڈویژن اور امبالہ میں واقع ریلوے ایس پی دفتر سمیت تمام ملازمین میں افرا تفری مچی ہوئی ہے۔ حکام نے ریلوے سٹیشن پر سیکورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں.
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جیش محمد جموں کشمیر کے ایریا کمانڈر مسعود احمد نے خط میں مزید لکھا کہ ہم اپنے جہادیوں کی موت کا بدلہ ضرور لیں گے،اور اس بار ہم بھارت کو بم دھماکوں سے دہلا دیں گے. خط میں 8 اکتوبر دسہرے کے روز تمام مندروں اور ریلوے سٹیشن کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے ،خط میں مزید کہا گیا کہ ہزاروں کی تعداد میں جہادی بھارت کو تباہ کردیں گے ۔ چاروں طرف 8 اکتوبر کو خون ہی خون ہوگا ۔خط کے آخر میں اللہ حافظ لکھا گیا ہے
خط کے ملنے کے بعد بھارتی سیکورٹی حکام نے سیکورٹی سخت کرنے کے علاوہ خط کے حوالہ سے تحقیقات کرنا شروع کر دی ہیں.
واضح رہے کہ دسہرہ ہندوؤں کا ایک تہوار ہے جو عام طور پر بھارت اور نیپال میں منایا جاتا ہے۔ یہ بعض علاقوں میں وجیا دشمی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔