مسلم لیگ( ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت آج مظفرآباد پہنچ کر آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
باغی ٹی وی : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تمام تر دھاندلی کے باوجود تحریک انصاف اتنے ووٹ نہیں لے سکی جتنے ماضی میں مسلم لیگ (ن) یا پیپلزپارٹی لیتی رہی ہے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے آزاد کشمیر انتخابات میں تشدد اور دھاندلی کا سہارا لیا مگر اس کے باوجود پیپلزپارٹی نے 11 نشستیں جیت لیں۔
جبکہ مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے نتائج تسلیم نہیں کیے ہیں اور نا کروں گی، میں نے تو 2018ء کے نتائج بھی تسلیم نہیں کیے نا اس جعلی حکومت کو مانا ہے میں بالکل مایوس نہیں ہوں،مسلم لیگ ن نے ایک دھاندلی زدہ الیکشن میں بھی بہترین مقابلہ کیا ہے اورشیم پیج کو بہت ٹف ٹائم دیا ہے،کسی بھی منصفانہ الیکشن میں یہ ن کےسامنے کھڑے بھی نہیں ہو سکتے انشاءاللّہ ،خوشی کی بات یہ ہے کہ ن کشمیر میں ایک عوامی طاقت کے طور پر ابھری ہے اور جاگ رہی ہے۔