پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علماء کونسل انتشار اور دھرنوں کی سیاست کے خلاف ہے،
مقبوضہ جموں و کشمیر کی تقسیم کو مسترد کرتے ہیں ، پاکستان کا دوٹوک موقف
اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علماء کونسل انتشار اور دھرنوں کی سیاست کے خلاف ہے، ملک میں انتشار و فساد پھیلانے والی ہر سازش کا مقابلہ کریں گے، منتخب وزیر اعظم کا استعفیٰ ناممکن ہے، احتجاج جمہوری معاشروںکا حسن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماء و مشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور عوام نے سیاست کے لیے عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالت کا نام استعمال کرنے والوں کو مسترد کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ علماء کو معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان علماء کونسل معصوم بچوں پر جنسی و جسمانی تشدد کے خلاف (آج ) جمعہ کو ملک بھر میں یوم تحفظ اطفال کے طور پر منائے گی، ہمارے بچے بہتر طرز زندگی کے حق دار ہیں، انہیں بدسلوکی ، استحصال اور جبری مشقت سے بچانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل دھرنوں اور احتجاجوں کے ذریعے حکومتیں ہٹانے کی قائل نہیں اورملک میں انتشار و فساد پھیلانے والی ہر سازش کا مقابلہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ ربیع الاول و ثانی کو ماہ رحمت اللعالمین کے طور پر منائیں گے اور ملک بھر میں اجتماعات و سیمینارز، کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔