ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے مرض کی روک تھام کیلئے فیصل آباد میں Diabetes سنٹر اسلام آباد کی برانچ قائم کی جائے گی

0
51

فیصل آباد (عثمان صادق) ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے مرض کی روک تھام کیلئے فیصل آباد میں (Diabetes ) سنٹر اسلام آباد کی برانچ قائم کی جائے گی جس میں تشخیص سے لے کر علاج تک کی جدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ Diabetes سنٹر اسلام آباد کے ایک وفد نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر عمران محمود شیخ سے ملاقات کی اور انھیں اپنی خدمات، کارکردگی اور توسیعی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ عمران محمود شیخ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ صدر عاطف منیر شیخ کے ہمراہ بہت جلد اسلام آباد کا دورہ کریں گے تاہم سنٹر کے ماہرین کو ذیابیطس کے موذی مرض پر قابو پانے کیلئے فیصل آباد چیمبر میں آگاہی سیشن کے علاوہ فری میڈیکل کیمپ بھی لگانا چاہیے تاکہ لوگوں کو اس سنٹر کی خدمات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں ضروری معلومات مہیا کرنے کے علاوہ بزنس کمیونٹی کو عطیات دینے کی بھی ترغیب دی جا سکے۔ انہوں نے فیصل آباد میں لاہور کی طرز پر Diabetes سنٹر کے قیام پر زور دیا تاکہ یہاں کے لوگوں کو بھی اس موذی بیماری کے علاج کی جدید سہولتیں مہیا کی جا سکیں۔ انہوں نے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کی خدمات کا ذکر کیا اور کہا کہ یہاں کے لوگ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور وہ یقینا اس سنٹر کے قیام میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے وفد کے ممبران سے کہا کہ وہ چیمبر کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر حبیب اسلم گابا سے رابطہ رکھیں تاکہ فیصل آباد میں تقریب کے انتظامات کو آئندہ ماہ تک حتمی شکل دی جا سکے۔ اس سے قبل Diabetes سنٹر اسلام آباد کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر خضر پرویزنے اس ادارہ کی کارکردگی، خدمات اور مستقبل کے توسیعی منصوبوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ذیابیطس کا مرض کووڈ سے بھی زیادہ خطرناک ہے اور لوگوں کی لاپرواہی کی وجہ سے اس کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد سنٹر میں عالمی معیار کی جدید ترین سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں جبکہ 64فیصد مریضوں کا زکوۃ سے علاج کیا جاتا ہے جس کو 70فیصد تک بڑھانے کی تجویز ہے۔ انہوں نے سنٹر کے شعبہ”ڈایا بیٹک فٹ“ کا خاص طور پر ذکر کیا اور بتایا کہ شوگر سے پاؤں کے السر اور اس سے gangrene پیدا ہوتا ہے جس کی وجہ سے پاؤں کاٹنے تک کی نوبت آجاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈایا بیٹک فٹ کی بروقت آگاہی اور علاج سے اب تک ڈھائی ہزار مریضوں کے پاؤں کٹنے سے بچ چکے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ اسلام آباد سنٹر نے مظفر آباد کے سی ایم ایچ میں بھی یہ سہولت مہیا کر دی ہے جبکہ لاہور اور ساہیوال میں Diabetes سنٹر کی شاخیں قائم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرز پر فیصل آباد میں بھی جدید شاخ قائم کی جا سکتی ہے، جس کیلئے مقامی مخیر لوگوں کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ بہت جلد اس بارے میں تفصیلات چیمبر سے شیئر کریں گے جبکہ فیصل آباد چیمبر میں آگاہی سیشن کے علاوہ فری کیمپ بھی لگایا جائے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر حبیب اسلم گابا اور چیف کنسلٹنٹ ٹی دی سی عباس بلگرامی بھی موجود تھے۔

Leave a reply