اداکار دلیپ کمار کی آخری رسومات میں شرکت پر بالی ووڈ کنگ شاہ رخ پر سوشل میڈیا صارفین تنقید کررہے ہیں۔
باغی ٹی وی :گزشتہ روز دلیپ کمار 98 برس کی عمر میں اپنے چاہنے والوں کو اداس چھوڑ کر ہمیشہ کے لیے اس دار فانی سے کوچ کرگئےبالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو دلیپ کمار اور سائرہ بانو اپنا منہ بولا بیٹا کہتے تھے اور شاہ رخ خان بھی انہیں اپنے والد کا درجہ دیتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ دلیپ کمار کے انتقال کی خبر سن کر شاہ رخ خان ان کے گھر سب سے پہلے پہنچنے والے افراد میں شامل تھے۔
شاہ رخ خان دلیپ کمار کے گھر پہنچے اور ایک بیٹے کی طرح سائرہ بانو کو دلاسہ دیتے رہے جب کہ سائرہ بانو بھی کنگ خان کے سامنے رو کر اپنے دل کا بوجھ ہلکا کرتی رہیں۔
دونوں کی ایک دوسرے کو دلاسہ دینے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگ شاہ رخ خان کے اس عمل کی وجہ سے انہیں بے حد سراہ رہے ہیں اور ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ فہرست میں بھی رہے تاہم کچھ لوگ ان پر تنقید بھی کررہے ہیں۔
چند صارفین سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر پر تنقیدی تبصرے کرتے ہوئے اس بات پر اعتراض کررہے ہیں کہ شاہ رخ خان سائرہ بانو کو دلاسہ دیتے وقت ان کے گھر کے اندر موجود تھے تو اس وقت انہوں نے آنکھوں پر دھوپ کا چشمہ کیوں لگایا ہوا تھا۔ جب کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان نے ماسک نہیں پہنا۔ کچھ لوگوں نے کہا شاہ رخ خان نے اسٹائل مارنے کے لیے گھر کے اندر بھی چشمہ پہنا ہے۔
دوسری جانب بہت سے لوگ شاہ رخ خان کی حمایت میں بھی سامنے آئے اور تنقید کرنے والے صارفین کو جواب دیا کہ آخری رسومات کے وقت کوئی کیسا نظر آتا ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہوسکتا ہے وہ اپنی شوٹنگ ادھوری چھوڑ کر آئے ہوں۔ وہ لوگ جو شاہ رخ خان پر تنقید کررہے ہیں اس طرح وہ اپنی چھوٹی سوچ کو ظاہر کررہے ہیں۔
https://twitter.com/FirozSRKsFan/status/1412821714342318084?s=20