اسلام آباد:غیر ملکیوں کو خلاف ضابطہ ویزوں کے اجراءکا انکشاف،ذمّہ داران کے خلاف گھیرا تنگ،اطلاعات کے مطابق وزارت داخلہ میں غیر ملکیوں کو خلاف ضابطہ ویزوں کے اجراءکا انکشاف ہوا ہے، ذرائع کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سال میں ہزاروں غیرملکی شہریوں کو ویزوں کے اجرا میں فراڈ اور بے ضابطگیاں ہوئی ہیں.
سرکاری دستاویزات کے مطابق غیر ملکیوں کو جاری 6 ہزار ویزوں کے اجراءمیں پالیسی اور طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا، ابتدائی تحقیقات میں 105 ویزے اب تک بوگس قرار پائے ہیں دستاویزات کے مطابق 13ہزار سے زائد چینی اور افغان شہریوں کو جاری ویزوں کی تحقیقات ہورہی ہیں.
ذرائع کے مطابق وزات داخلہ میں اعلیٰ سطح کمیٹی کی جانب سے معاملے پر 12 سرکاری ملازمین کے خلاف تحقیقات جاری ہیں ذرائع کے مطابق مبینہ بے ضابطگیوں میں ملوث ملازمین میں وزارت داخلہ کے 7 افسران شامل ہیں. نجی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مبینہ ملوث تین افسران کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے
ذرائع کے مطابق مبینہ بے ضابطگیوں میں ملوث ایک خاتون افسر کا تبادلہ کردیا گیا جبکہ ایک افسر سے استعفیٰ مانگ لیا گیا ہے. دستاویزات کے مطابق اس وقت کے ڈی جی پاسپورٹ نے ڈائریکٹر پاسپورٹ لاہور کا نام ای سی ایل پر رکھنے، تین کمپنیوں اور 6 سے زائد ایجنٹس کو بلیک لسٹ کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے.