ڈونالڈ ٹرمپ کی لاقانونیت اورآمریّت:امن وامان قائم کرنے پرناکامی : ریاستوں کا فنڈ روک لینے کی دھمکی
واشنگٹن :ڈونالڈ ٹرمپ کی لاقانونیت اورآمریّت: ریاستوں کا فنڈ روک لینے کی دھمکی،اطلاعات کے مطابق ان ریاستوں کی فہرست تیار کرنے کا حکم جہاں انتظامیہ مظاہروں کو روکنے میں ناکام ثابت ہوا ہے، نیویارک کے گورنر کا اظہار ناراضگی
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے انتباہ دیا ہے کہ وہ اُن شہروں کے وفاقی فنڈنگ روک دیں گے جہاں امن و امان کی صورتِ حال خراب ہے۔ٹرمپ نے بدھ کو ایک میمو پر دستخط کئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ وہ پورٹ لینڈ، سیاٹل، نیویارک اور واشنگٹن سمیت اُن دیگر تمام شہروں کے وفاقی فنڈنگ روکیں گے جہاں انتظامیہ امن و امان قائم رکھنے میں کامیاب نہ ہو ۔ وہائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اس میمو میںڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کا انتظامیہ وفاقی ٹیکس کے پیسے کو ان شہروں میں تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دے گا جو اپنے آپ کو لاقانونیت کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا یہ میمو ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب نسلی تعصب اور پولیس کے رویے کے خلاف پورٹ لینڈ، کینوشا سمیت امریکہ کے مختلف شہروں میں احتجاج ہو رہا ہے۔صدر ٹرمپ نے منگل کو ریاست وسکانسن کے شہر کینوشا کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا تھا جہاں بدامنی کے دوران مظاہرین نے شہری املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔
واضح رہے کہ کینوشا میں پر تشدد مظاہروں اور بد امنی کی ابتدا ایک سیاہ فام شخص جیکب بلیک کے پولیس کی گولی سے زخمی ہونے کے بعد ہوئی تھی۔ پولیس جیکب کو حراست میں لینے کی کوشش کر رہی تھی۔ اسی دوران کچھ اہلکاروں نے اس پر گولیاں چلا دی تھیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے دورے کے دوران سیکوریٹی حکام کو بدامنی پھیلانے والے افراد سے سختی سے نمٹنے پر بھی زور دیا تھا۔
وہائٹ ہاؤس کی جانب سے بدھ کو جارہ کردہ میمو میں اٹارنی جنرل ولیم بر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے علاقوں کی فہرست بنائیں جہاں پرتشدد کارروائیوں اور املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت دی جا رہی ہے اور امن و امان کی بحالی کے لئے مناسب اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔میمو میں وہائٹ ہاؤس کے بجٹ ڈائریکٹر رسل ووٹ کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ ۳۰؍ روز کے اندر متعلقہ ایجنسیوں کے نام گائیڈ لائن جاری کریں ۔
دوسری جانب نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ ان ریاستوں اور شہروں کی فنڈنگ بند کرنا چاہتے ہیں جنہیں کورونا وائرس پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ روزِ اول سے نیویارک کو مسلسل سزا دے رہے ہیں۔اینڈریو کومو کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کوئی بادشاہ نہیں ہیں اور وہ نیویارک کا فنڈ نہیں روک سکتے۔ ان کے بقول صدر ٹرمپ کا اقدام غیر قانونی مہم جوئی ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ مظاہرے تازے ہیں ورنہ امریکہ میں مئی کے مہینے سے احتجاج جاری ہے۔