دودھ کی دکان پر اسسٹنٹ کمشنر کا چھاپہ،محافظ پولیس اہلکار نے گلے سے رقم چرالی
کورنگی میں چھاپے کے دوران دودھ کی دکان کے کیش کاؤنٹر پر ہاتھ صاف کرنے والے پولیس اہلکار کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ۔
کورنگی پی این ٹی سوسائٹی میں اسسٹنٹ کمشنر کے دودھ کی دکان پر چھاپے کے دوران پولیس اہلکار نے ہاتھ کی صفائی دکھا دی ، فوٹیج میں دیکھا گیا کہ چھاپے کےدوران دکاندار کے باہر نکلنے کے بعد پولیس اہلکار نے کیش کاؤنٹر میں موجود رقم کا صفایا کیا ۔
سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ۔ فوٹیج میں اہلکار کو رقم دراز سے نکال کر جیب میں بھرتے ہوئے دیکھا گیا ، فوٹیج میں اہلکار کا چہرہ واضح دیکھا جاسکتا ہے۔ واردات میں ملوث اہلکار نیچے گرنے والے نوٹوں کو بھی جمع کرکے لے گیا۔
دودھ کی دکان کے مالک کا کہنا ہے کہ اتوار کی شب پونے بارہ بجے چھاپہ مار ٹیم نے پہلے کھڑکی سے اندر گھسنے کی کوشش کی دکان کے ملازم نے ڈر کر گیٹ کھول دیا ۔
پولیس ، کمشنر اور دیگر لوگوں نے اندر گھس کر اندر باہر کی تمام لائٹیں بند کر دیں ۔ پولیس والے نے گلے سے پیسے نکال کر جیب میں ڈالے کچھ نوٹ نیچے گرے تھے جو اس نے اٹھا کر جیب میں رکھے جس کی فوٹیج موجود ہے ۔