سرگودھا ( ادریس نواز چدھڑ سے ) عوام کے آرام و سکون کی خاطر ہمیں ہر وقت مستعد رہنا ہوگا لوگوں میں احساس تحفظ پیدا کرنا اولین ترجیح ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ذوالفقار احمد نے ضلع بھر کے ایس ڈی پی او اور ایس ایچ اوز سے کرائم میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے تھانہ کی سطح پر حکمت عملی وضع کی جائے اور باقاعدہ منصوبہ بندی سے اس پر عملدرآمد کیا جائے ۔

مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر ٹھیکری پہرہ کو یقینی بنائیں ۔ تمام ایس ڈی پی اوز خود بھی گشت کریں اور اپنے علاقہ میں ہونے والی گشت ہائے کی نگرانی کریں ۔ اس مقصد کیلئے آپ کو نئی گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں

زیر تفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کریں، چالان بروقت عدالتوں میں بھجوائے جائیں ۔ قتل کے مقدمات میں مقتول کے لواحقین کی تشفی اور مجرمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے ثبوت اورنمونہ جات محفوظ کرکے برائے تجزیہ فرنزاک لیبارٹری اور کیمیکل ایگزامینر بروقت بھجوائے جائیں ۔

اس کے لیے کرائم سین یونٹ کی مدد حاصل کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجرمان اشتہاری کی گرفتاری کےلئے خصوصی تحرک کریں ۔ اور ان کو پناہ دینے والوں کے خلاف بمطابق قانون کاروائی کریں ۔ ڈی پی او سرگودھا نے تمام ایس ایچ اوز کی کارکردگی کا فرداً فرداً جائزہ لیا اورکارکردگی مزید بہتر کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔

Shares: