دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں ہوا مزید اضافہ
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں ہوا مزید اضافہ
باغی ٹی وی : کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 38 لاکھ 22 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس نامی مہلک وبا کے باعث اب تک جہان فانی سے دو لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد کوچ کر چکے ہیں۔
عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 13 لاکھ 02 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 63 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 74 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 53 ہزارسے زائد ہو گئی ہے جب کورونا نے مزید 244 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 25 ہزار 8 سو سے بڑھ گئی ہے۔
خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 14 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ مزید 369 افراد اپنی جانوں کی بازیاں ہار گئے ہیں۔ اٹلی میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 29 ہزار 6 سو سے زائد ہو گئی ہے۔
برازیل میں مزید 667 افراد لقمہ اجل بنے، تعداد 8 ہزار 588 ہوگئی، اٹلی میں مزید 369 ہلاکتوں سے مرنے والے 29 ہزار 857 ہوگئے۔ فرانس میں مزید 278 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد تعداد 25 ہزار 809 ہوگئی۔ اسی طرح سپین میں مزید 244 ہلاکتیں ہوئیں اور تعداد 25 ہزار 857 ہوگئی۔
جرمنی میں مزید 282 افراد جان سے گئے، بھارت میں مزید 92 اور ایران میں 78 اموات ہوئیں۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے لاک ڈاؤن میں بڑی نرمی کرتے ہوئے دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی۔ شہری عوامی مقامات پر ایک دوسرے سے مل سکیں گے۔
یورپ کی سب سے بڑی فٹبال لیگ رواں ماہ کے اختتام پر شروع کرنے کا بھی منصوبہ بنا لیا، گرمیوں کی چھٹیوں سے پہلے سکول بھی کھول دیئے جائیں گے۔ سپین کی پارلیمنٹ نے ہنگامی حالت میں مزید 2 ہفتوں کے لیے توسیع کر دی ہے۔
نرسوں کی عالمی تنظیم نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں طبی عملے کے 90 ہزار افراد مہلک وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 260 سے زیادہ نرسز ہلاک ہو چکی ہیں