لاہور:پاکستان میں ہالینڈ کے سفیر مسٹر ووٹر پلمپ نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم اور ایس بی پی ای لائبریری کا دورہ کیا۔اطلاعات کے مطابق اپنے دورے کے دوران ہالینڈ کے سفیر مسٹر ووٹر پلمپ نے کمشنر لاہور کیپٹن (ر) ایم عثمان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان میں ہاکی کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

 

 

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ، ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن، اولمپیئن خواجہ جنید، اولمپیئن توقیر ڈار، بلال اکرم، ہاکی آرگنائزر جنید چٹھہ اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر کمشنر لاہور کیپٹن (ر) ایم عثمان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے معزز مہمان کو سووینئر بھی پیش کئے۔

 

 

ڈچ سفیر مسٹر ووٹر پلمپ نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں خ جنید/ایس بی پی اکیڈمی کے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ہاکی بھی کھیلی اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے جوش و جذبے اور کھیل کی مہارت کو سراہا۔ بعد ازاں اس نے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

 

 

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے ہالینڈ کے سفیر مسٹر ووٹر پلمپ نے کمشنر لاہور پنجاب حکومت کی جانب سے انڈر 13 ہاکی ٹورنامنٹ کے انعقاد کو سراہا۔ ’’یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں ہاکی کی حقیقی بحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گا‘‘۔ انہوں نے نوجوان نسل میں ہاکی کے کھیل کے فروغ کے لیے خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

 

ہالینڈ کے سفیر مسٹر ووٹر پلمپ نے کہا کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم ایک تاریخی گراؤنڈ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یہاں دنیا کے سب سے بڑے اور شاندار ہاکی اسٹیڈیم میں آکر بہت اچھا لگ رہا ہے جہاں ہالینڈ نے 1990 میں پاکستان کو فائنل میں شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ جیتا تھا۔

 

 

یاد رہے کہ کل پاکستان میں ہالینڈ کے سفیرووٹر پولمپ نے منگل کو پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں چیئرمین رمیز راجا سے ملاقات کی۔آئندہ ماہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ہالینڈ کا دورہ کرے گی اور تین ون ڈے انٹر نیشنل کی سیریز میں حصہ لے گی۔

Shares: