پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے سینیئر رہنما سردار ذوالفقار نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے ایام میں مہنگائی مافیا بے لگام ہوگئی ہے۔

پولیس و ٹریفک پولیس کی جاننب سے ریڑھی بانوں، چھوٹے دوکانداروں، بائیک چلانے والوں، مویشیوں کی خریدوفروخت کرنے والوں سے مٹھائی اور عیدی کے نام پر بھتہ طلب کیا جا رہا ہے۔

دودھ، دہی، انڈے،چینی، سبزی، پھل،گوشت اور، مرغی سمیت تمام اشیائے خوردونوش من مانے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔

مہنگائی کنٹرول کرنے والے محکمے، انتظامیہ اور اعلیٰ ضلعی حکام نوٹس لینے میں ناکام ہو گئے ہیں۔

پاسبان ہیلپ لائنز پر موصولہ درجنوں شکایات کے مطابق مہنگی اشیاء بیچنے والوں اورجانور لے جانے والی گاڑیوں سے منڈی سے لے کر گھر پر جانور اتارنے تک مٹھائی کے نام پر پیسے بٹورے جا رہے ہیں۔

عوام کس سے فریاد کریں؟ اعلی حکومتی افسران کو شکایات کی گئیں لیکن شکایات کے ازالے کے بجائے عوام کودوسرے افسران اور محکموں کے نمبرز دیئے جاتے رہے۔

پی ڈی پی کراچی کے سینیئر رہنما سردار ذوالفقار نے کہا کہ چھوٹی عید ہو یا بڑی، مہنگائی مافیا عوام کی کھال اتارنے سے باز نہیں آتی۔ عید قرباں پر توپولیس و ٹریفک پولیس کو بھی عوام سے بھتہ لینے کا لائسنس مل گیا ہے۔

جانور لے کر آنے والے بیوپاریوں اور خریداروں کو پولیس و ٹریفک اہلکار راستوں میں ہراساں کرتے ہیں۔ مٹھائی اور عیدی کے نام پر جبرا پیسے وصول کئے جاتے ہیں، جس کا سلسلہ گھر یا منڈی پہنچنے تک جاری رہتا ہے۔

ہر ادارہ اور با اثرعناصر لوٹنا شروع کردیتے ہیں۔سردار ذوالفقار نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور مہنگائی کنٹرول کرنے والے اداروں کے افسران اپنی ذمہ داریاں اور فرائض احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے عوام کو مہنگائی مافیا سے نجات دلائیں۔

بیوپاریوں اور خریداروں کو ہراساں کرنے اور ان سے بھتہ وصولی کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے تاکہ قربانی کے جانور مہنگے فروخت نہ ہوں اور قربانی ایک عام آدمی کی دسترس میں ہو.

Shares: