لاہور: نئےوزیراعلیٰ کا انتخاب کھٹائی میں پڑگیا،پنجاب اسمبلی کااجلاس 16اپریل تک ملتوی ،اطلاعات کے مطابق پنجاب میں نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کھٹائی میں پڑ گیا ہے، نئے قائد ایوان کیلیے کل ہونیوالا اسمبلی اجلاس 10 روز کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلیے کل بلایا جانیوالا اجلاس 10 روز کیلیے موخر کردیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اب یہ اجلاس 6 کے بجائے 16 اپریل کو ہوگا۔

ڈپٹی اسپیکر نے 16 اپریل تک پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے کی منظوری دیدی ہے۔اس سے قبل 3 اپریل کو اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے باعث پنجاب اسمبلی کا اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کیا گیا تھا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا تھا کہ نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے حکومتی اتحاد 3 آپشنز پر غور کررہی ہے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ ان آپشنز میں ایک آپشن اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنا بھی ہے۔

وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے پیش نظر تحریک انصاف نے پارٹی ارکان پنجاب اسمبلی کو نوٹس جاری کر دیئے۔ وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں پارٹی امیدوار چودھری پرویز الہی کو ووٹ دینے کا پابند کر دیا۔ غیر حاضری یا خلاف ووٹ دینے پر آئین کے آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی کا انتباہ کر دیا۔

تحریک انصاف کے ارکان پنجاب اسمبلی کو نوٹس پارٹی سیکرٹری جنرل اسد عمر کی طرف سے جاری کئے گئے۔ جس میں کہا گیا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے چودھری پرویز الہی کو وزیراعلی کے لئے امیدوار نامزد کیا ہے، پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی پرویز الہی کو ووٹ دیں۔

Shares: