یوکرائن میں ایمرجنسی نافذ:سائرن بج گئے:شہریوں کو روس چھوڑنے کا حکم

لندن :یوکرائن میں ایمرجنسی نافذ:سائرن بج گئے:شہریوں کو روس چھوڑنے کا حکم،اطلاعات ہیں کہ یوکرائن نے روسی سرحد پر حالات کشیدہ ہونے کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور اپنے شہریوں کو روس چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔

یوکرائن کے اعلیٰ سیکیوریٹی آفیشلز نے ملک بھر میں 30 دن کے لئے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے ، اور اپنے شہریوں کو روس سے فوری طور پر نکل جانے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ یوکرائن کے تقریباً 3 ملین شہری روس میں مقیم ہیں جبکہ متعدد شہریوں کے خاندان روس اور یوکرائن کے اندر منقسم ہیں۔یوکرائن نے روس کی جانب سے ممکنہ حملے کے پیش نظر اپنے ریزرو فوجیوں کو بھی باقاعدہ فوج میں شامل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

روس کے ممکنہ حملے کے پیش نظر امریکہ نے بھی یوکرائن کو ہر ممکن امداد کا اعلان کیا ہے، اور کہا ہے کہ وہ یوکرائن کو عظیم فوجی امداد بھی دے گا۔

مغربی ممالک اور ان کے اتحادیوں نے روس کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، گزشتہ روز برطانیہ نے 4 اور امریکہ نے 2 روسی بینکوں پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

برطانیہ کی لیبر پارٹی نے بینکوں پر پابندی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ روس کے خلاف سخت پابندیاں عائد کی جائیں۔

دوسری طرف ولادیمیر پیوٹن کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان تاریخی دو روزہ دورے پر روس کے لیے روانہ ہو گئے۔

وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور عامر محمود کیانی بھی ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان روسی دارلحکومت ماسکو پہنچیں گے، جہاں وونکووائیرپورٹ پر گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔ عمران خان روسی صدر کے ساتھ ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم یوکرین کے حوالے سے بھی اہم اعلان کریں گے

روسی وزیراعظم اور ڈپٹی وزیراعظم کی ملاقات بھی شیڈول ہے۔ وزیراعظم اسلامک سینٹر ماسکو کا دورہ اور گرینڈ مفتی سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم روسی کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم 24 فروری کو وطن واپس روانہ ہوں گے۔

Comments are closed.