اسلام آباد:توانائی اور ایندھن کی قیمتیں عالمی سطح پر بڑھ رہی ییں ،اس حوالے سے مزید گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا ہے کہ توانائی اور ایندھن کی قیمتوں میں عالمی سطح پر کمی متوقع نہیں ہے۔
وزیر توانائی خرم دستگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں توقع سے زیادہ لوڈ شیڈنگ ہوئی ہے، عذاب عمرانی آج بھی جاری ہے، وقت پر کوئلہ، ایل این جی اور فرنس آئل نہیں خریدا گیا۔انہوں نے کہا کہ بدانتظامی کی سونامی اس ملک سے گزری ہے، اس کا نتیجہ بھگت رہے ہیں، جب حکومت سنبھالی 58 سو میگا واٹ ایندھن نہ ہونے اور بارہ سو میگا واٹ مرمت کی وجہ سے بند تھی۔
خرم دستگیر نے کہا ہے کہ یکم مئی سے بارہ مئی تک اچھی ریکوری اور کم خسارے والے فیڈرز پر صفر لوڈشیڈنگ کی، کوئلے کی قیمت میں تین سو فیصد اضافے کی وجہ سے کچھ پلانٹس بند کرنا پڑے۔
وزیر توانائی نے کہا ہے کہ عذاب عمرانی نے آئی پی پیز کو ادائگیاں نہیں کیں، ایل این جی کے چار لوڈ خرید چکے ہیں، فرنس آئل کے پانچ جہاز ہمیں مہیا کیے ہیں، ایندھن کی کمی کا بحران حل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حویلی بہادر شاہ پلانٹ کی بحالی اور مرمت کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، ہم ہنگامی بنیادوں پر پلانٹس کے مسائل حل کر رہے ہیں، کوشاں ہیں کہ بجلی کی پیداوار میں وقتی تعطل دور کیا جائے گا۔
خرم دستگیر نے کہا ہے کہ توانائی اور ایندھن کی قیمتوں میں عالمی سطح پر کمی متوقع نہیں ہے، مزید فرنس آئل خریدا جائے گا تاکہ بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کی جا سکے۔
وزیر توانائی نے کہا ہے کہ سرکلر ڈیٹ 2460ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، آئی ایم ایف سے مزاکرات میں توانائی ڈویژن کا کلیدی کردار ہے، وزارت پیٹرولیم اور خزانہ سے کوآرڈینیشن موجود ہے، ہم توانائی کے معاملات میں توازن اور تسلسل کی طرف جانا چاہتے ہیں۔