مسلمانوں کی اسلامی فتوھات پر مبنی’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ خاتون کا کردار ادا کرنے والی ترک اداکارہ اسرا بلجیک نے لاہور موٹروے پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون سے متعلق سی سی پی او لاہور عمر شیخ کے بیان پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
باغی ٹی وی : رواں ماہ لاہور کے علاقے گجرپورہ میں موٹروے پر خاتون کے ساتھ پیش آنے والے اجتماعی زیاددتی کے افسوسناک واقعے پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے ملزمان کے بجائے متاثرہ خاتون کو حادثے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا تھا حیران ہوں کہ تین بچوں کی ماں ایک اکیلی عورت کو آدھی رات کو موٹروے سے جانے کی کیا ضرورت تھی وہ جی ٹی روڈ سے کیوں نہ گئیں؟-
سی سی پی او لاہور کے اس بیان پر ملک میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا تھا اور ملک کی نامور شخصیات سمیت کئی پاکستانی فنکاروں نے عمر شیخ کو خاتون سے متعلق یہ بیان دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا-
ماہرہ خان نے عمر شیخ کے بیان کہ خواتین کو رات میں اکیلے نہیں نکلنا چاہیئے پر کہا تھا پھر آپ ہمیں بتادیں کہ خواتین کے گھر سے باہر نکلنے کا کیا وقت ہے ؟ کیاہم لوگ 2 بجے سے 3 بجے تک نکلیں؟ 2 بجے سے 8 بجے تک نکلیں؟ یہ بتادیں کہ ہم لوگ کہاں محفوظ ہیں۔ کیونکہ نہ توخواتین گھر میں محفوظ ہیں، نہ صبح سویرے کہیں جاتے ہوئے اور نہ ہی گاڑی میں بیٹھے ہوئے اپنے بچوں کے ساتھ محفوظ ہیں۔
اور اب ترک اداکارہ اسرا نے بھی سی سی پی او لاہور کے اس بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عورت چاہے اکیلی ہو یا بچوں کے ساتھ وہ اکیلی ڈرائیو کرسکتی ہے آپ کو صرف ایک چیز کرنے کی ضرورت ہے خواتین کو تحفظ فراہم کریں۔
اسرا نے مزید لکھا کہ بطور پولیس آفیسر آپ اس بات سے مطمئن ہیں کہ آپ کی سڑکوں پر مجرم کھلے عام گھوم رہے ہیں اور آپ کو لگتا ہے اگر کوئی خاتون کہیں جانے کے لیے اس سڑک کا انتخاب کرتی ہے تو یہ ان ملزمان کا حق ہے کہ وہ خاتون کے ساتھ زیادتی کریں اور انہیں قتل کردیں؟
اسریٰ بلگیچ نے سی سی پی او لاہور پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس معاملے میں چونکادینے والی لاعلمی کامظاہرہ کررہے ہیں۔ آپ کو اپنے خیالات تبدیل کرنے چاہئیں لیکن یہ ناممکن لگتا ہے آپ اور آپ جیسے لوگ شرمندگی کا باعث ہیں-
واضح رہے کہ حال ہی میں لاہور موٹر وے پر گوجرانوالہ کی رہائشی ثناء نامی خاتون کے ساتھ خوفناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب لاہور موٹر وے پر اُن کی گاڑی کا پیٹرول ختم ہو گیا اس دوران ملزمان نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خاتون کی گاڑی کے شیشے توڑ کر انہیں گن پوائنٹ پر کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا-