اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل بیرسٹرسلمان اکرم راجہ نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں اصل فیصلہ عدالتوں یا پارلیمان میں نہیں بلکہ عوامی طاقت سے سڑکوں پر ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فیصلہ اسی وقت ہوگا جب لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکل کر اپنا حق مانگیں گے، اور پی ٹی آئی کے حامیوں کو اس کے لئے تیار رہنا چاہئے۔سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اپنی آزادی کے لئے کب سڑکوں پر آئیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر چند ہزار لوگ نکلیں گے تو حکومت باآسانی ان میں سے کچھ کو گرفتار کر لے گی اور باقی کو مار پیٹ کر منتشر کر دے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر 3 سے 4 لاکھ افراد سڑکوں پر آئیں گے تب ہی حقیقی تبدیلی ممکن ہو سکے گی۔
سلمان اکرم راجا نے عمران خان کی موجودہ حراست کے بارے میں مزید تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ انہیں 8 بائی 8 کے سیل میں بند رکھا گیا ہے اور پچھلے دس روز سے شام 6 بجے کے بعد بجلی بھی بند کر دی جاتی تھی، انہیں کسی بھی لمحے سیل سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جو سلوک عمران خان کے ساتھ کیا جارہا ہے، وہ قابل مذمت ہے اور دنیا کے کسی بھی قانون کے مطابق یہ تشدد کے زمرے میں آتا ہے۔ ان کے مطابق چند روز پہلے عمران خان کو ایسی خوراک دی گئی جس سے ان کی طبیعت خراب ہوئی، مگر عمران خان ثابت قدم ہیں اور اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔سلمان اکرم راجا نے مزید بتایا کہ حالیہ ملاقات میں عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں ورزش کے لئے سائیکل بھی دے دی گئی ہے اور اب ڈیڑھ گھنٹے تک باہر نکلنے کی اجازت مل رہی ہے۔ اس سے پہلے کی حالت کو انہوں نے عمران خان کی شخصیت پر ایک حملہ قرار دیا۔
سلمان اکرم راجا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ دو دن قبل بشریٰ بی بی سے پشاور میں ملاقات ہوئی جنہوں نے بتایا کہ انہیں جس جگہ پر رکھا گیا ہے وہاں چوہے موجود ہیں اور جب وہ جائے نماز پر بیٹھتی ہیں تو چوہے ارد گرد پھرتے ہیں جبکہ چھت سے پانی ٹپکتا رہتا ہے۔ سلمان اکرم راجا نے واضح کیا کہ عمران خان نے اپنی ملاقات میں واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں ثابت قدم رہیں گے۔ چاہے انہیں فوجی عدالت کا سامنا ہو یا کسی بھی قسم کی آزمائش کا، عمران خان عوام کے لئے اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔

فیصلہ عدالتوں میں نہیں، سڑکوں پر ہوگا،سلمان اکرم راجہ
Shares:







