فرانس کی طرف سے ناموس رسالت ﷺ پر حملوں کے خلاف تحریک لبیک کا مارچ کا اعلان
باغی ٹی وی :فرانس کی طرف سے ناموس رسالت ﷺ پر حملوں اور غنڈہ گردی کے خلاف 4 ستمبر 2020 بعد نماز جمعہ تحریک لبیک پاکستان لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام ناموس رسالت ﷺ مارچ کا اہتمام کیا گیا ہے ، جس کی قیادت امیر تحریک لبیک پاکستان علامہ خادم حسین رضوی کریں گے ، 4 ستمبر 2020 بروز جمعہ المبارک دوپہر 3:30 بجے داتا دربار تا پنجاب اسمبلی مارچ کیا جائے گا.
تحریک لبیک کی جانب سے تمام صحافیوں سے گزارش ہے کہ اپنی رپورٹنگ ٹیم بھیج کر کوریج فرمائیں۔الیکٹرانک میڈیا سے براہ راست کوریج کے لئے DSNG لانے کی درخواست ہے
واضح رہے کہ اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف ردعمل کے طور پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اہم ویڈیو پیغام دیا ہے . انہوں نے کہا کہ میں اپنی طرف سے اور حکومت پاکستان کی طرف سے فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کی پر زور مذمت کرتا ہوں. ان کے شایع کردہ گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے. لوگ مشتعل ہیں اس بلاجواز حرکت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے. ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسلاموفوبیا، نسل پرستی، اور زینوفوبیا کا رحجان دنیا میں بڑھتا چلا جا رہا ہے.
لیکن آزادی اظہار رائے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کے ہاتھ دوسروں کی دل آزاری کا لائسنس آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ عالمی برادری فی الفور اس مسئلے کا تدارک کریگی اور ایسے رحجانات کی بیخ کنی کرےگی۔ حکومت پاکستان نے حکومت فرانس کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے۔ ہم نے اپنے جذبات، حکومت فرانس تک ان کے سفیر کے ذریعے پہنچا دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ نہ صرف ایسی گستاخانہ حرکت نہ دہرائی جائے بلکہ جنہوں نے یہ حرکت کی ہے انہیں کٹہرے میں لایا جائے