پاکستانی عالمی شہرت یافتہ گلوکار و اداکار علی ظفر نے معروف مزاح نگار اور انکل سرگم جیسے پتلی تماشا کردار کے خالق فاروق قیصر کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
باغی ٹی وی : گلوکارعلی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فاروق قیصر کی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انکل سرگم جیسے دیگر پتلی تماشا کرداروں کے بانی فاروق قیصر ایک انتہائی مُتاثر کن انسان اور مصنف تھے۔
One of the most inspiring human beings I knew. A writer/artist that I had the privilege to meet at the President’s award ceremony just recently. Even sitting on his chair, he seemed taller than the rest with a look of eternal love and respect in his eyes. R.I.P #FarooqQaiser 💔 pic.twitter.com/jahO5bsdLI
— Ali Zafar (@AliZafarsays) May 14, 2021
گلوکار نے لکھا کہ حال ہی میں مجھے فاروق قیصر سے صدر کے ایوارڈ کی تقریب میں ملنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا وہ کُرسی پر بیٹھے تھے اور اُن کی آنکھوں میں ہر ایک کے لیے محبت اور احترام صاف نظر آرہا تھا۔
علی ظفر نے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے فاروق قیصر کی مغفرت کے لیے بھی دُعا کی۔
واضح رہے کہ معروف مزاح نگار اور انکل سرگم جیسے پتلی تماشا کردار کے خالق فاروق قیصر انتقال کر گئے وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے انہوں نے سوگواران میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں چھوڑے ہیں۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے بھی فاروق قیصر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
فاروق قیصر کے نواسے حسنین قیصر کا کہنا ہے کہ نانا کافی عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے، طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال لے جانے کیلئے ایمبولینس بلائی مگر ان کا پہلے ہی انتقال ہوگیا۔